حکومت کادہشت گردی کے خلاف بھرپورکارروائی کیلئے پارلیمینٹ سے باہر کی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

بدھ 17 دسمبر 2014 15:47

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء)حکومت نے سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردی کے خلاف بھر پور کارروائی کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کے لئے پارلیمینٹ سے باہر کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ بدھ کو ذرائع کے مطابق سانحہ پشاور کے بعد حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے پارلیمینٹ سے باہر کی سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

حکومتی حلقے اس بات پر غور کر رہے ہیں پارلیمینٹ سے باہر کی سیاسی قوتوں کی قیادت کو آل پارٹیز کانفرنس کی صورت میں بلایا جائے یا وزیر اعظم ہر سیاسی قیادت سے الگ الگ ملاقات کریں۔ ذرائع نے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ پارلیمینٹ سے باہر کی سیاسی اور مذہبی قوتوں کی ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔جس میں وزیر اعظم پارلیمینٹ کی باہر کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو اس حکمت عملی کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے جو پارلیمینٹ میں موجود پارٹیوں کی مشاورت سے طے کی گئی ہے۔