سانحہ پشاور، ملک بھر کے وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، ہائیکورٹس، سیشن کورٹس کی عمارتوں پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے

بدھ 17 دسمبر 2014 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) پشاور میں دردناک سانحے پر سوگ مناتے ہوئے ملک بھر میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ‘ہائی کورٹس اور سیشن کورٹس کی عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔ پشاور میں دہشتگردانہ واقعہ پر ملک بھر کی وکلاء برادری کی جانب سے یوم سوگ منایا گیا ۔ ملک بھر میں ہائیکورٹس اور سیشن کورٹس اور ڈسٹرکٹ بارز میں مکمل ہڑتال رہی ‘ واقعہ کے سوگ میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث عدالتی کام ٹھپ رہا ۔

پاکستان بار کونسل کی اپیل پر سندھ ہائیکورٹ بار، کراچی بار اور ملیر بار میں بھی ہڑتال رہی جس کے باعث مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی گئی اور تمام عدالتوں میں کام مکمل طور پر بند رہا ۔ سکھر میں بھی وکلاء سانحہ پشاور کے غم میں عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

سکھر ہائیکورٹ اور سیشن کورٹ کی عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرایا گیا ‘ڈیرہ اسماعیل خان میں وکلاء کی ہڑتال کے باعث عدالتوں میں کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ۔

فیصل آباد ، ملتان میں بھی وکلاء شہدا سے اظہار یکجہتی کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث عدالتی امور بند ہو کر رہ گئے اس کے علاوہ منڈی بہاوٴالدین ، حافظ آباد ، اوکاڑہ ، کنڈیارو اور دیگر شہروں میں وکلاء نے ہڑتال کی جس کے باعث مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے مختلف شہروں میں وکلاء کی جانب سے شہداء کیلئے دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور بعض مقامات پرغائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :