پشاور سکول کا واقعہ قومی سانحہ ہے ،کسی ضابطہ حیات میں ایسے کام کی اجازت نہیں، میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ

بدھ 17 دسمبر 2014 14:44

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پشاور سکول کا واقعہ قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم سوگ میں ہے، دہشت گردوں نے عقبی راستے سے داخل ہو کر بچوں کو نشانہ بنایا 100 کے قریب لاشیں آڈیٹوریم سے اٹھائی گئیں کسی ضابطہ حیات میں اس طرح کے کام کی اجازت نہیں، یہ انتہائی غیر اسلامی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو وارسک روڈ پر جائے حادثہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ آج تاریخ کا غمزدہ ترین دن ہے، سکول کا واقعہ ایک قومی سانحہ ہے ہم شرمندہ ہیں کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے غیر انسانی کام کیا جس کی کسی معاشرے میں مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ اندر جا کر مناظر کو بیان کرنا آسان نہیں ہے، 7 دہشت گرد سکول کے عقبی راستے سے داخل ہوئے انہوں نے آڈیٹوریم کو مقتل بنایا اور بچوں کو نشانہ بنایا، 100 کے قریب لاشیں آڈیٹوریم سے اٹھائیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب دہشت گرد سکول میں داخل ہوئے تو اس وقت تدریسی سرگرمیاں جاری تھیں آج جہاں میں کھڑا ہوا یہاں بچوں کو کھڑا ہونا تھا، انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کو برداشت کرنا ممکن نہیں، یہ انتہائی غیر اسلامی اور کسی ضابطہ حیات میں اس کی اجازت نہیں ، انہوں نے کہا کہ پشاور کا واقعہ ایک قومی المیہ ہے اور پوری قوم اس پر سوگ میں ہے۔

متعلقہ عنوان :