سپریم کورٹ نے غوث علی شاہ کی رکنیت کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کردیا

کیس کی مزید سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی

بدھ 17 دسمبر 2014 14:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 215 خیرپور میں مسلم لیگ (ن) کے غوث علی شاہ کی رکنیت کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کردیا اور کیس کی مزید سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔ عدالت نے یہ حکم بدھ کے روز نواب علی وسان کی درخواست پر جاری کیا۔ چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران نواب علی وسان کی جانب سے عبدالحفیظ پیرزادہ جبکہ غوث علی شاہ کی جانب سے افتخار گیلانی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
عبدالحفیظ پیرزادہ نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے سنے بغیر فیصلہ دے دیا ہے اسلئے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جس پر عدالت نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے نواب علی وسان کی رکنیت ختم کرنے اور غوث علی شاہ کی رکنیت بحالی کی حد تک فیصلے کو معطل کردیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس کیس کی مزید سماعت جنوری کے آخری ہفتے میں کی جائے گی۔