مالاکنڈ کے علاقہ مینہ سے تعلق رکھنے والے پشاور سکول دہشت گردی واقعے شہید دو بھائی آبائی قبرستان میں سپرد خاک

بدھ 17 دسمبر 2014 13:33

درگئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) مالاکنڈ کے علاقہ مینہ سے تعلق رکھنے والے پشاور سکول دہشت گردی واقعے شہید دو بھائی آبائی قبرستان میں سپرد خاک۔ آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردو ں کے حملے کے خلاف درگئی بازار میں اسلامی جمعیت طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ۔ ٹریڈ ایسوسی ایشن کی کال پر درگئی بازار میں مکمل شٹر ڈاؤن۔ شہید طلباء اور اساتذہ کے لئے دعائیہ محفلوں کا انعقاد۔

مالاکنڈ بھر میں فضاء سوگروار۔سماجی و سیاسی شخصیات کی جانب سے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت -تفصیلات کے مطابق : آرمی پبلک سکول اینڈ کالج پشاور میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے مالاکنڈ کے دور افتادہ علاقے مینہ سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائیوں جماعت دہم کے طالب علم ذیشان اور جماعت ہفتم کے طالب علم اویس کی نماز جنازہ آبائی گاؤں مینہ میں ادا کرکے انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردئے گئے۔

(جاری ہے)

شہید طلباء ماسٹر گل بادشاہ کے بھتیجے تھے ۔ شہداء کی نماز جنازہ میں مالاکنڈ بھر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ برادری ، صحافیوں ، سماجی و سیاسی شخصیات اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناء پشاور سانحہ میں طلباء اور اساتذہ کی شہادت کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ درگئی کالج کے زیر اہتمام درگئی بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت آئی جے ٹی کے ڈویژنل ناظم افتخار حسین کررہے تھے۔

آئی جے ٹی سے تعلق رکھنے والے طلباء مظاہرین نے درگئی بازار میں احتجاجی جلوس نکالا اور احتجاجی مارچ کے بعد مین چوک درگئی میں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرلی جس سے خطاب میں مقررین نے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ادھردرگئی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے صدر فضل رازق ایڈوکیٹ کے زیر صدارت درگئی بار روم میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج پشاور کے شہید طلباء و اساتذہ کیلئے ہنگامی اجلاس میں فاتحہ خوانی کی گئی اور خطاب میں درگئی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سکرٹری فضل احمد ایڈوکیٹ سینئر وکلاء بشیر اللہ خان ایڈوکیٹ، غفار گل ایڈوکیٹ، سید حکیم ایڈوکیٹ، محمد ریاض خان ایڈوکیٹ، عبد الکریم ایڈوکیٹ، حامد علی ایڈوکیٹ، فداء محمد ایڈوکیٹ، محمد حنیف خان ایڈوکیٹ، ضمیر گل ایڈوکیٹ، عالمگیر ایڈوکیٹ، عزیز محمد ایڈوکیٹ،اوردیگر نے پشاور سکول بچوں کو نشانہ بنانے کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے متفقہ قومی پالیسی مرتب کرنے پر زور دیے کر ان واقعات کے پیچھے کار فرما محرکات سے قوم کو آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔

جے یو آئی مالاکنڈ کے زیر اہتمام پشاور واقعہ کے شہداء کے لئے مالاکنڈ بھر کے مساجد میں اوقات نماز میں خصوصی دعائیں بھی مانگی گئی ۔ دریں اثناء درگئی ٹریڈ ایسوی ایشن کی کال پر پشاور سانحہ کے سوگ کے طور پر درگئی بازار میں تمام دکانیں بند کرکے مکمل شٹر ڈاؤن کیا گیا اور تمام کاروبای مراکز بند رکھیے گئے ۔سانحہ پشاور کے شہید طلباء و اساتذہ کے حق میں تحصیل درگئی کے مختلف سرکاری و نجی سکولوں میں اساتذہ کرام نے دعایہ محفلوں کا انعقاد کیا اور ان شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی گئی۔

اس سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1درگئی میں اساتذہ و طلباء کی جانب سے قرآن خوانی ، آل ٹیچرز ایسوسی ایشن مالاکنڈ ، آل سی ٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن مالاکنڈ، سینئر سٹاف ایسوسی ایشن مالاکنڈ کی جانب سے شہید طلباء و اساتذہ کے روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی، گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول کوٹ ، گورنمنٹ ہائی سکول مہردی ، گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی عثمانی خیل، گورنمنٹ مڈل و پرائنمریی سکول مینہ ، گورنمنٹ ہائی سکول ہر یانکوٹ ، گورنمنٹ مڈل سکول جبن ، گورنمنٹ ہائی سکول سخاکوٹ ، مالاکنڈ پبلک سکول اینڈ کالج درگئی ، ھراء سکول اینڈ کالج درگئی سمیت دیگر اہم تعلیمی اداروں میں چھٹی کے باوجود طلباء و اساتذہ نے دعائیہ تقاریب کا انعقاد یقینی بنایا اور شہداء کے لئے اجتماعی دعائیہ تقاریب و ختم القرآن کے اہتمام کئے گئے۔

۔اپنے الگ الگ اخباری بیانات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سکرٹری جنرل سجاد احمد خان ، جمعیت علماء اسلام مالاکنڈ کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ ، جنرل سکرٹری جے یو آئی مالاکنڈ و سابقہ امیدوار صوبائی اسمبلی مولانا محمد جاوید خان ، ٹریڈ ایسوسی ایشن درگئی کے صدر اسفندیار خان، اے این پی کے ضلعی صدر شفیع اللہ خان اورپی ایم ایل این کے صوبائی جانئنٹ سکرٹری و سابقہ امیدوار صوبائی اسمبلی گل زمان خان نے واقعہ کی پر زور مذمت کی ہے اور اس سلسلے میں قوم کو متفق پالیسی لاکر وطن عزیز اور خصوصی طور پر خیبر پختون خوا میں لگائی گئی دہشت گردی کی آگ پر قابو پانے کے لئے حکومتی سطح پر عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت پر زور دیاہے۔

متعلقہ عنوان :