سانحہ پشاور پر ملک بھر کی فضا سوگوار،ہرآنکھ آشکبار رہی

، نماز فجر کے دوران شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی،دیگر مذاہب کے ماننے والوں کا خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد، اہم سرکاری، نیم سرکاری اور خودمختار قومی و صوبائی اداروں کی عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہا

بدھ 17 دسمبر 2014 13:06

اسلام آباد /لاہور /کراچی /پشاور /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء ) پشاور کے آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد کی شہادت پر ملک بھر کی فضا سوگوار رہی،، نماز فجر کے دوران شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اس کے علاوہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی جانب سے بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

اہم سرکاری، نیم سرکاری اور خودمختار قومی و صوبائی اداروں کی عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ پشاور سمیت ملک کے بیشتر چھوٹے بڑے شہروں میں تاجر برادری نے قوم کے جگر گوشوں کے بچھڑ جانے پر کاروباری سرگرمیاں بند کررکھی ہیں جبکہ پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلا برادری بھی احتجاج کیاجس کی وجہ سے ماتحت اور اعلیٰ عدلیہ میں تمام امور معطل رہے۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کی بربریت پر خیبر پختونخوا کا ہر گھر نوحہ کناں ، صوبے بھر کے تمام سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند ، پشاور میں تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طورپربند ۔ شہر کی چاروں سرکاری یونیورسٹیاں 3 دن کے لئے بند کردی گئی ۔ اس کے علاوہ قبائلی علاقوں میں بھی تمام تعلیمی ادارے 3 دن تک بند ۔ سندھ میں مشنری اسکولز کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے کھلے لیکن وہاں شہدا کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :