سانحہ پشاور سیاستدانوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ، سید خورشید شاہ

بدھ 17 دسمبر 2014 12:54

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور سیاستدانوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ،سیاسی قیادت کو دہشتگردوں کیخلاف سخت فیصلے کرنے ہونگے ، سیاستدانوں کو حکومت بچانے اور گرانے سے نکل کر دہشتگردی کیخلاف اکٹھے ہونا ہوگا ۔ پشاور پارلیمانی پارٹی اجلاس میں روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کو دہشتگردوں نے شہید کیا جو ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مزید سیاست کرنے کی بجائے دہشتگردی کیخلاف ایک ہی بیج پر آنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کرنا پڑے گی ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے سیاستدان آپس میں الجھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ملکی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ملک میں حکومت بچاؤ اور حکومت گراؤ کی پالیسی پر گامزن ہیں سولہ دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس دن پاکستان کو توڑا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو ملک کے لیے اکٹھے ہونا ہوگا اور دہشتگرد کسی صورت مسلمان نہیں ہوسکتا اس میں بیرونی سازش بھی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل میں اتنا آگے چلے گئے ہیں عوام کے تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں سیاستدانوں کو بیٹھ کر دہشتگردی کیخلاف مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا

متعلقہ عنوان :