ایران سے آنے والے زائرین ایک مرتبہ پھر تفتان بارڈر پر پھنس گئے

بدھ 17 دسمبر 2014 12:53

اسلام آباد/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) ایران سے آنیوالے زائرین ایک مرتبہ پھر تفتان بارڈر پر پھنس گئے ،مسائل کے حل کیلئے انٹرنیشنل گیٹ پر دھرنا دیدیا، لیاقت علی ہزارہ نے کہاہے کہ زائرین کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے، سخت سردی کے موسم میں ہزاروں زائرین بغیر شیلٹر کے روکے گئے ہیں، صوبائی حکومت بات نہیں سن رہی۔

ہزارہ برادری کے رہنما اور شیعہ علماء کونسل کے صوبائی سیکرٹری جنرل لیاقت علی ہزارہ نے ”اُردو پوائنٹ “ کوتفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ایران ،عراق سے بذریعہ زمینی راستہ آنیوالے زائرین ایک مرتبہ پھر تفتان بارڈر پر پھنس گئے ہیں جن کی تعداد ایک ہزا ر سے زائد ہوگئی ہے ۔ 3دن سے ان زائرین کو کوئٹہ جانے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے تسلیاں دی جارہی ہیں لیکن اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال پر کہاکہ سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر ذمہ داران سے رابطہ کرچکے ہیں گزشتہ رات گئے تک بھی صوبائی حکومت سے رابطے میں رہے لیکن ہمیں صرف تسلیاں دی جاتی ہیں اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سخت سردی کا موسم شروع ہوچکاہے جبکہ زائرین کو سیکورٹی مسائل کا بھی سامناہے اور پناہ گاہو ں کا انتظام بھی ناکافی ہے جس کے با عث مشکلات ہیں اسی لئے زائرین کے مسائل کے حل کیلئے انٹرنیشنل گیٹ پر دھرنا بھی دیدیاہے اور مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اہل تشیع کی جانب سے وفاقی حکومت سے زائرین کے مسائل کو مستقل حل کرنے کیلئے خطوط بھی ارسلا کئے گئے تھے جس پر وفاقی حکومت نے مکمل تعاون اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی

متعلقہ عنوان :