سکول پر حملے میں بچوں کی بڑی تعداد کی شہادت ایک انتہائی المناک دہشت گردی ہے ‘ جان کیری

بدھ 17 دسمبر 2014 12:31

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پشاور کے اسکول پر حملے میں بچوں کی بڑی تعداد کی شہادت ایک انتہائی المناک دہشت گردی ہے ‘ گھناوٴنے حملے میں ملوث انتہا پسندوں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مشکل کی اِس گھڑی میں ہم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لیے تیار ہیں جان کیری نے کہاکہ مجھے اِس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ یہ کتنی مشکل بات ہے کہ آپ بچوں کو پڑھنے، مستقبل سنوارنے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی تیاری کرنے کیلئے باہر بھیجیں اور ایسا المناک سانحہ پیش آئے۔

یہ بچے ہم میں موجود نہیں انھیں طالبان قاتلوں نے ذبح کر دیا ہے، جو زمانہ جاہلیت اور قرون سطیٰ کی سوچ کے حامل ہیں اور والدین اپنے بچوں کو جن خطوط پر تیار کر رہے تھے وہ سوچ طالبان کی گھٹیا سوچ کے برخلاف ہے۔

(جاری ہے)

جان کیری نے کہا کہ یہ نا گفتہ بہ حالت ہے۔ اسکول جاتے وقت، کوئی بھی سوچ نہیں سکتا تھا کہ ہنستے کھیلتے یہ بچے ایمبولینس میں لوٹیں گے تو زندہ نہیں ہوں گے یا زخمی حالت میں واپس آئیں گے وزیر خارجہ نے وزیر اعظم نواز شریف کے الفاظ دہرائے جن میں انھوں نے کہا تھا کہ یہ میرے ہی بچے ہیں۔

دراصل، یہ میرا ہی نقصان ہے اْنھوں نے کہا کہ آپ کا تعلق کسی بھی علاقے سے ہو آپ کہیں بھی رہتے ہوں۔ یہ آپ کے اپنے بچے ہیں۔ یہ دنیا بھر کا نقصان ہے جان کیری نے کہاکہ دہشت گرد حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان نے تمام با ضمیر لوگوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے جس کی ہم سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں بربریت میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے جان کیری نے کہاکہ ہم پاکستان کے عوام کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں، اور ہم اْن کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے اْنھوں نے کہا کہ پشاور اور سڈنی کے حملے، جو مقامی سطح پر خطرناک تھے، وہ در اصل عالمی سطح پر بھی اتنے ہی دردناک ہیں۔

متعلقہ عنوان :