Live Updates

نواز شریف کے پاس دو ہی راستے ہیں ،دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنائیں ،دوسرا راستہ حکومت کرنا نا ممکن ہو جائیگا‘ عمران خان،

اڑتالیس گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن بن گیا تو ہمیں آگے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی ، مذاکرات کی میز پر نہ آئے تو نوجوان تیار رہیں اگلا پلان تیار ہے، حکمران قرضے پر قرضہ لے رہے ہیں ،دھاندلی ثابت ہو گئی تو یہ قرضے شریف خاندان سے ادا کرائیں گے ،حکمرانوں کا باہر پڑا ہوا پیسہ واپس لائینگے، رانا ثنااللہ ہمارے کارکن کا قاتل ہے اسے جیل میں ڈالا جائے ،ماڈل ٹاؤن سانحہ کے بعد جیل میں ڈالا جاتا تو فیصل آباد کا سانحہ نہ ہوتا، پی ٹی آئی کے چیئرمین کا چیئرنگ کراس چوک میں کارکنوں سے خطاب، لاہور نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے ، اگر کوئی غلط فہمی ہے تو تھیلے کھلوا لو جب تھیلے کھلیں گے تو اصلیت سامنے آ جائے گی‘ شاہ محمود قریشی، مال روڈ پر انسانوں کے سروں کا سمندر دیکھ رہا ہوں ،یہ جاتی امراء آئے تو حکمرانوں کی بربادی ہو جائے گی‘ شیخ رشید

پیر 15 دسمبر 2014 20:56

نواز شریف کے پاس دو ہی راستے ہیں ،دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس صرف دو ہی راستے ہیں انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنائیں ورنہ دوسرا راستہ بڑا مشکل ہے جس میں انکے لئے حکومت کرنا نا ممکن ہو جائے گا ،اڑتالیس گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن بن گیا تو ہمیں آگے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی ، نواز شریف مذاکرات کی میز پر نہ آئے تو نوجوان تیار رہیں میرا اگلا پلان تیار ہے ،حکمران قرضے پر قرضہ لے رہے ہیں اگر دھاندلی ثابت ہو گئی تو یہ قرضے شریف خاندان سے ادا کرائیں گے ، نواز شریف اور آصف علی زرداری کا باہر پڑا ہوا پیسہ واپس لائیں گے ،رانا ثنااللہ خان ہمارے کارکن کا قاتل ہے اسے جیل میں ڈالا جائے ، اگر اسے ماڈل ٹاؤن سانحہ کے بعد جیل میں ڈالا جاتا تو فیصل آباد کا سانحہ نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس چوک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی‘ سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ‘ پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری‘ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید‘ لاہورکے صدر عبد العلیم خان‘ جمشید اقبال چیمہ‘ میاں اسلم اقبال اور دیگر بھی موجود تھے ۔

عمران خان نے کہا کہ میں لاہور یوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں ، آپ نے فیصلہ دیدیا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور نواز شریف نے دھاندلی کر کے الیکشن جیتا ۔ نواز شریف صاحب آپ کے پاس دوراستے ہیں یا تو انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنا کر اسکی تحقیقات کرائیں اور دوسرا راستہ آپ کے لئے مشکل راستہ ہے جس میں آپکے لئے حکومت چلانا مشکل ہو جائے گا ۔

ہم ڈیڑھ سال سے انصاف کے انتظار میں ہیں ، ہم نے دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا طویل مگر پر امن دھرنا دیا لیکن ہمیں پھر بھی انصاف نہیں ملا ۔ آپ ہمیں سڑکوں پر لے آئے ہیں اس لئے ہمیں اس راستے پر نہ جانے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں 1970ء کے بعد شفاف انتخابات نہیں ہوئے ، ساری جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی ۔

قوم فیصلہ کربیٹھی ہے کہ 2013ء میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہوا ۔ میں اب تنگ آ گیا ہوں ، آپ کے لوگ کیوں ٹربیونلز کے فیصلوں پر حکم امتناعی کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں کیوں گنتی ہونے سے ڈرتے ہیں ۔ آپ آج میٹنگ کریں ،48گھنٹے میں جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ہمیں آگے جانے کی ضرورت نہیں لیکن اگر آپ احتساب سے ڈرتے ہیں تو ہمارے پاس سوائے سڑکوں پر آنے کے کوئی راستہ نہیں رہ جائے گا اور پھر آپ کیلئے حکومت کرنا نا ممکن ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ قوم کو شعور آ گیا ہے اور قوم جاگ گئی ہے ، آج پاکستان کا بچہ بچہ جاگ رہا ہے ، خواتین جاگ رہی ہیں اور ہر ایک کی زبان پر ایک ہی نعرہ گو نواز گو ہے لیکن ہم گو نواز کے ساتھ نیا نظام چاہتے ہیں اور کرپشن کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔ ہم نے آپ کو دو راستے دیدئیے ہیں ۔ میاں صاحب ذہن نشین کر لیں ہم انصاف کے بغیر سانس نہیں لیں گے ، قوم جاگ گئی ہے او روہ انصاف چاہتی ہے اور اسے اپنے حقوق کی سمجھ آ گئی ہے ۔

عوام کو علم ہو گیا ہے کہ سٹیٹس کو کے حامی کون لوگ ہیں ، کون بند ر بانٹ کرتا ہے ۔ کیا جمہوریت یہ ہوتی ہے کہ ملک کے وزیر اعظم کی جائیدادیں‘ فیکٹریاں اور بینک اکاؤنٹس بیرو ن ممالک ہوں ، جمہوریت میں تو احتساب ہوتا ہے ۔ ہم آپ کا اور آصف علی زرداری کا ملک سے باہر لیجایا گیا پیسہ پاکستان میں واپس لائیں گے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا شکریہ کہ آپ سڑکوں پر نکلے ہو او رنواز شریف کو پیغام دیا ہے ، اب حکمران عوام کو پاگل نہیں بنا سکتے ہیں اور نہ عوام پاگل بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نیا پاکستان نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے تاجر برادری ‘ وکلاء‘ ٹرانسپورٹرز اور میڈیا کا شہریوں کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں ساتھ دینے پر آپ کانام سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر میز پر نہ آئیں تو نوجوان تیار رہیں اگلا پلان تیار ہے ۔ ہم دھاندلی قبول کرنے کو تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ او رانکے غنڈوں نے ہمارے کارکن حق نواز کو شہید کیا ہمارا مطالبہ ہے کہ اسے جیل میں ڈالو ۔

اگر ماڈل ٹاؤن کے واقعے کے بعد اسے جیل میں ڈالا جاتا تو فیصل آباد کا سانحہ نہ ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران قرضے پر قرضہ لے رہے ہیں اگر جوڈیشل کمیشن نے ثابت کر دیا تو قرضے شریف خاندان سے ادا کرائیں گے کیونکہ انہیں کوئی مینڈیٹ نہیں کہ وہ قوم کو مقروض کریں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاہور نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے کہ کل بھی لاہور عمران کا تھا اور آج بھی عمران کا ہے ۔

پی ٹی آئی اور بلا پہلے بھی کامیاب ہوئے تھے اب بھی انکی کامیابی ہو گی ، اگر کوئی غلط فہمی ہے تو تھیلے کھلوا لو جب تھیلے کھلیں گے تو اصلیت سامنے آ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج لاہوریوں نے فیصلہ دیدیا ہے الوداع ، الوداع نوازشریف الوداع ۔ شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور والوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ لاہور نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ شہر عمران خان کا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں مال روڈ پر انسانوں کے سروں کا سمندر دیکھ رہا ہوں ۔ اگر یہ جاتی امراء آئے تو حکمرانوں کی بربادی ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریکو ڈک ، کوئلے اور دیگر منصوبوں میں پاکستان کو لوٹا جارہا ہے ۔ سیف الرحمن‘ میاں منشاء اور حسین داؤد پیسے بنا رہے ہیں ۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا سارا پیسہ پاکستان میں واپس لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب لاہور جاگتا ہے تو پھر پاکستان جاگ جاتا ہے جب لاہور جاگتا ہے تو پھر ڈکٹیٹر بھاگتا ہے ، ظالم آنکھیں چراتا ہے ۔ دنیا کی کوئی طاقت عوام کے آگے دیوار کھڑی نہیں کر سکتی۔قوم عمرا ن خان کی قیادت میں جاگ چکی ہے ۔ اگر جمہوریت کی بات نہ مانی گئی تو جاتی امراء جایا جا سکتا ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات