Live Updates

موٹروے کی تعمیر نو کا افتتاح ، ہمارے پاس ترقی والا پلان ڈی ہے اور تحریک انصاف کے پاس تباہی والا:نواز شریف

پیر 15 دسمبر 2014 12:57

موٹروے کی تعمیر نو کا افتتاح ، ہمارے پاس ترقی والا پلان ڈی ہے اور تحریک ..

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے اپنے "پلان ڈی"اور تحریک انصاف کے پلان ڈی میں فر ق واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ترقی والا پلان ڈی ’ڈیویلپمنٹ‘ہے اورتحریک انصاف کے پاس تباہی والاپلان ڈی’ڈسٹرکشن‘ ہے۔لاہور اسلام آباد موٹروے کی تعمیر نو کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت نے ملک کی ترقی کے لیے پلان ڈی بنایاہے تاکہ ملک میں خوشحالی آئے لیکن کچھ لوگوں کا پلان ڈی ملک میں جلاﺅ گھیراﺅ کے لیے ہے ۔

نواز شریف نے کہاکہ ہم نے جب بھی ملک کو ترقی کے راستے پر چلانے کی کوشش کی تو راستے میں پتھر نہیں بلکہ پورے پہاڑ کھڑے کر دے گئے ،جب موٹر وے کی تعمیرشروع کی گئی تو رتنے رکھے جاتے تھے لیکن اب دھرنے دیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ موٹروے پر تنقیدکرتے تھے آج وہ بھی اس پر سفر کرتے ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں کیونکہ پاکستان میں موٹر وے ایشیائی ممالک میں سب سے پہلے بننے والی موٹروے ہے ۔

انشاللہ جلد لاہور موٹر وے کا آغاز کر دیاجائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد ملک میں سڑکوں کا جال بچھا دیں کیونکہ اس سے ملک میں روزگار آئے گا ،سرمایہ کاری آئے گی، سرمایہ کاری آئے گی تو بجلی سستی ہو گی جس سے ملکی معیشت کا پہیہ چلے گا ،کاشتکار اور مزدور طبقہ خوشحال ہو گا۔ آئندہ انتخابات میں قوم جب ترقیاتی کاموں کے بارے میں سوال کرے گی تو ہمارے پاس یہ ریکارڈ ہے کہ ہم نے معیشت کو کھڑا کیا،تیل کی قیمتیں کم کیں ،ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا لیکن دھرنا سیاست کرنے والی جماعتوں کے پاس یہ ریکارڈ ہو گا کہ ہم نے ملک میں گھیراﺅ جلاﺅ کا پیغام دیا ،ملک کی املاک کو نقصان پہنچایا،پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی کی بلڈنگ پر حملہ کیا،جمہوریت کو گالیاں نکالیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات