ضلع کوہستان میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نو افراد کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے ہری پور جیل میں نظر بندی کے خلاف مسلسل دوسرے روز پاک چین شاہراہ قراقرم بند کرکے دھرنے جاری ، گلگت بلتستان،راولپنڈ ی اور اطراف کیلئے آنے جانے والے ہزاروں مسافر خواتین ، بچوں اور فیملیز کے ساتھ کوہستان کمیلہ شہر اور داسو میں پھنس کر رہ گئے،شاہراہ قراقرم پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، گوشت ، سبزیاں ضائع ہونے لگیں ، کمیلہ اور داسو شہر میں اشیاء خوردنوش کی قلت ، ہوٹل والوں کی عید ہوگئی ، مظاہرین اور ضلعی انتظامیہ کے مابین مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے ، مظاہرین نے تیس رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دیدی ،گرفتار افرادکورہا کرکے کوہستان نہ لایا گیا تو مزیدتین مقامات پر شاہراہ قراقرم کو بلاک کریں گے

اتوار 14 دسمبر 2014 00:04

ضلع کوہستان میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نو افراد کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار ..

کمیلہ کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14دسمبر۔2014ء) ضلع کوہستان میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نو افراد کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے ہریپور جیل میں نظر بندی کے خلاف اتوار کو مسلسل دوسرے روز پاک چین شاہراہ قراقرم بند کرکے دھرنے جاری رہے ۔ گلگت بلتستان،راولپنڈ ی اور اطراف کیلئے آنے جانے والے ہزاروں مسافر خواتین ، بچوں اور فیملیز کے ساتھ کوہستان کمیلہ شہر اور داسو میں پھنس کر رہ گئے ہیں، شاہراہ قراقرم پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں ۔

مرغی اور سبزیاں ضائع ہونے لگی ، کمیلہ اور داسو شہر میں اشیاء خوردنوش کی قلت ، ہوٹل والوں کی عید ہوگئی ۔ مظاہرین اور ضلعی انتظامیہ کے مابین مذاکرات بھی کامیاب نہ ہوسکے ۔ مظاہرین نے تیس(30) رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دیدی جو پورے ضلعے کی نمائندگی کریگی ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پیر تک گرفتار افرادرہا کرکے کوہستان نہ لایا گیا وہ تین مقامات(ثمر نالہ ، زیدکھار، داسو) پر شاہراہ قراقرم کو بلاک کریں گے ۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شام گئے تک شاہراہ قراقرم نہ ٹریفک کیلئے نہ کھولا توفورسز ایکشن میں آسکتی ہیں ۔ شاہراہ قراقر م کی بندش سے کوہستان میں اس وقت شدید کشیدگی کی صورت حال ہے اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔تاجر برادری کی جانب سے اتوار کو کمیلہ شہر میں بھی شٹر ڈاون کرایا گیا، تاجروں کو لاکھوں خسارے کا سامناہے ۔ جب ہفتے کے روز نو افراد جن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداربھی شامل تھے انہیں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے ڈی سی کے حکم نامے پر گرفتارکرکے سیدھا ہریپور جیل بھیج دیا تو اُس کے بعد ضلعے میں کشیدگی بڑھ گئی۔

ذرائع کے مطابق ان نوافراد جن میں مسلم لیگ ن اور ڈی آرسی کمیٹی کے جنرل سکرٹری محمد حسن، سوشل آرگنائزر( ایس آر ایس پی) محمد منظور، الف اعلان کے ریجنل کوارڈنیٹر حفیظ الرحمن ، ، جے ٹی آئی کے سابق صدر مولانا ولی اللہ عرف ولی خان ، انجمن تاجران کے نائب صدر مولانا عبدالرحمن و سکرٹری اطلاعات عبید الرحمن ، پی ٹی آئی تحصیل داسو کے جنرل سکرٹری فضل الٰہی ، ایس آر ایس پی کے سوشل ورکر لیاقت علی اورقومی وطن پارٹی تحصیل داسو کے صدر عبدالجبار شامل ہیں۔

ان پر تفتیش کے بعد ڈی سی کوہستان ظفر الاسلام نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے دفعہ نمبر 3(3MPO) کے تحت انہیں ہریپور جیل بھیج دیا ہے جس سے کوہستان کے عوام مشتعل ہیں اور مسلسل پچیس گھنٹوں سے شاہراہ قراقرم کو بلاک کئے رکھا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر داسو کا کہنا ہے بات چیت کی کوشش کررہے ہیں قانونی تقاضوں سے روگردانی نہیں کرسکتے ۔ ہر کام کا طریقہ کار ہوتاہے ۔ احتجاجی مظاہروں سے عوام کو مشکلات ہیں ۔ اے سی داسو نے امید ظاہر کی کہ اس مسلئے کا جلد ہی کوئی حل نکل آئیگا۔