ہار کا دکھ ، بھارتی میڈیا آداب میزبانی بھول گیا

ہفتہ 13 دسمبر 2014 23:56

ہار کا دکھ ، بھارتی میڈیا آداب میزبانی بھول گیا

نیو دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13دسمبر۔2014ء)بھارتی میڈیا کو پاکستان کی جیت ہضم نہ ہو سکی۔ اپنی ٹیم کی ناکامی سے دلبرداشتہ بھارتی صحافیوں نے گرین شرٹس کے جشن پر اعتراض کر دیا جس پر ہیڈ کوچ نے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔ بھارتی ہاکی ٹیم کی بھارت میں ہار وہ بھی پاکستان کے ہاتھوں بھارتی بھلا کیسے برداشت کرتے؟۔ بھارتی میڈیا کو اور تو کچھ نہ سوجھا اپنی ناکامی کا غصہ گرین شرٹس کے جشن پر نکالنے لگا۔

(جاری ہے)

میچ جیتنے کے بعد پاکستانی ہیڈ کوچ شہناز شیخ پریس کانفرنس کے لیے آئے تو وہاں موجود بھارتی صحافی آپے سے باہر ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے تعصبانہ رویے پر ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے انہیں میچ اور کھیل تک محدود رہنے کو کہا لیکن اس کے باوجود جب بھارتی صحافی الزام تراشی سے باز نہ آئے تو شہناز شیخ پریس کانفرنس سے اٹھ کر چلے گئے۔ بھارتی ٹی وی چینلز بھی منفی ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دل کی بھڑاس نکالتے رہے۔ میدان کرکٹ کا ہو یا ہاکی کا بھارتی کراؤڈ اور میڈیا اپنی بدتہذیبی کے حوالے سے دنیا بھر میں بدنام ہیں۔ ایک بار پھر روایتی حریف سے عبرت ناک شکست پر بھارتی میڈیا کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ انہیں آداب میزبانی سیکھنے کی ضرورت ہے۔