دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کردی

جمعہ 5 دسمبر 2014 00:25

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر۔2014ء) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 17 رنز سے ہرا کر 2 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، کیویز کھلاڑیوں نے بیٹنگ کا آغاز مثبت انداز میں کیا اور کپتان کین ولیمسن اور اینٹن ڈیوسچ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز کی شراکت قائم کی تاہم پھر اینٹن ڈیوسچ 21 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ صرف ایک رن کے اضافے سے گری اور 50 کے مجموعی اسکور پر ڈین براؤن لائی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 58 رنز کے مجموعے پر نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کین ولیمسن بھی 32 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے وال کھلاڑی روس ٹیلر تھے جو 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹام لیتھم 26، لوک رونکی 31، ڈینئل ویٹوری صفر اور نیتھن میک کولم 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی اور عمر گل نے 2، 2 جبکہ سہیل تنویر، رضا حسن اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم نے 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی صرف 24 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس سے آنے والے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھ گیا جسے وہ جھیل نہیں پائے اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی رہی، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے احمد شہزاد تھے جنہوں نے 36 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

متعلقہ عنوان :