دبئی: پہلا ٹی ٹوئینٹی پاکستان کے نام

جمعرات 4 دسمبر 2014 00:35

دبئی: پہلا ٹی ٹوئینٹی پاکستان کے نام

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4دسمبر۔2014ء) متحدہ عرب امارات میں سیریز کے پہلے ٹی ٹوئینٹی میچ میں پاکستان نے سرفراز احمد کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کرلی ہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئینٹی میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کیوی ٹیم کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور اس کے تین کھلاڑی صرف پندرہ کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔آؤٹ ہونے والوں میں کپتان کین ولیم سن نے صفر، انٹون ڈیووچ نے ایک اور راس ٹیلر نے چار رنز بنائے۔بعد میں مارٹن گپٹل اور کوری اینڈرسن اور پھر اینڈرسن اور لیوک رانچی کے درمیان شراکتوں نے کیوی ٹیم کو سہارا دیا۔

(جاری ہے)

اینڈرسن 48، رانچی، 33 اور گپٹل 32 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اینڈرسن کے علاوہ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلرز کے سامنے کھل کر کھیلنے میں ناکام رہا۔اس طرح پاکستانی باؤلرز نیوزی لینڈ کو 135 رنز تک محدود رکھنے میں کامیاب رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد عرفان نے دو دو جبکہ انور علی، رضا حسن اور شاہد آفریدی ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور اویس ضیاء نے اننگ کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور 51 رنز کا شانداز آغاز فراہم کیا۔

اویس 20 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اگلے آنے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جنہوں نے دو رنز بنائے اور وہ بھی رن آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ پاکستان مزید ایک ہی بیٹسمین آؤٹ کرسکی۔ حارث سہیل گیارہ رنز بناکر میکلینیگن کا شکار بنے۔بعدازاں سرفراز احمد اور عمر اکمل کے درمیان شراکت نے گرین شرٹس کو ہدف کے پار لگادیا۔سرفراز 76 اور عمر 27 پر ناٹ آؤٹ رہے۔سرفراز کو شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :