لاہور پولیس کی غیر انسانی سلوک کی انتہا، نابینا افرادکو بھی نہ بخشا ، تشددسے متعدد زخمی ، تحریک انصاف کی مذمت ،

وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس تشدد کا نوٹس ، ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی،ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم،نابیناافرادنے پولیس تشدد کے خلاف مال روڈ پر دھرنا دیدیا، انصاف کی فراہمی کامطالبہ ، تشددکرنے والے 5پولیس اہلکاروں کومعطل کردیا ، تحقیقات کے بعد کارروائی ہوگی، ڈی آئی جی آپریشنزلاہور

بدھ 3 دسمبر 2014 23:32

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء) معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں نابینا افراد کی جانب سے نکالی گئی ریلی پر پولیس کے لاٹھی چارج کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نابینا افراد پر پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ڈیوس روڈ پر نابینا افراد نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے تحت نوکریاں نہ ملنے کے خلاف پر امن دھرنا دیا جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے نہ صرف دھکے دیئے بلکہ لاٹھی چارج کرکے متعدد افراد کو زخمی کردیا۔

دھرنے کے شرکاء نے کہا کہ جب تک انہیں انصاف نہیں ملے گا وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نابینا افراد پر تشدد کو بدترین واقعہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

ابرار الحق نے کہا کہ تحریک انصاف نابینا افراد کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اس تشدد کے خلاف ہم سڑکوں پرآئیں گے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نابینا افراد پر پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی ۔

شہباز شریف نے تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا جس پر ڈی آئی جی آپریشنزحیدر اشرف نے کہاکہ انہوں نے تشددکرنے والے 5پولیس اہلکاروں کومعطل کرتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیاہے جس کے بعد ان کے خلاف باضابطہ کارروائی ہوگی ۔بعد ازاں نابینا فراد نے لاہور پولیس کے بے قابوگلوبٹوں کے تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دید یا جس سے مال روڈ اور ڈیوس روڈمکمل بندہوگیا جس سے ہرقسم کی ٹریفک معطل ہوگئی ۔ سفید چھڑی والوں نے تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔