پی ٹی آئی کا پلان سی تبدیل، لاہور اور ملکی احتجاج کی تاریخوں میں رد و بدل

پیر 1 دسمبر 2014 18:41

پی ٹی آئی کا پلان سی تبدیل، لاہور اور ملکی احتجاج کی تاریخوں میں رد ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے پلان سی میں تبدیلی کردی، لاہور اور ملکی مظاہروں کی تاریخی 15 اور 18 دسمبر کردی گئیں، 8 دسمبر کو فیصل آباد اور 12 دسمبر کو کراچی جام کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ چہلم اور سقوط ڈھاکہ کے باعث احتجاج کی تاریخوں میں رد و بدل کیا گیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کل کا جلسہ تاریخی تھا، میڈیا پر حملے قابل مذمت ہیں، جلسے کی کوریج پر چینلز بند کرنا قابل مذمت ہے، حکمرانوں پر خوف طاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چہلم کے احترام اور سقوط ڈھاکا کے پیش نظر احتجاج کی تاریخیں تھوڑی تبدیل کی ہیں، 8 دسمبر کو فیصل آباد اور 12 دسمبر کو کراچی کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، لاہور کا پروگرام 4 دسمبر کے بجائے 15 اور ملک گیر احتجاج 16 کے بجائے 18 دسمبر کو ہوگا، پہلے بھی پر امن احتجاج کی آئندہ بھی پُرامن رہیں گے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے وضاحت کی کہ شہر بند کرنے کا مطلب شٹر ڈاؤن نہیں، تمام بڑی سڑکیں جام کریں گے، مختلف شہروں میں پُر امن مظاہرے ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں احتجاج کی تاریخوں میں رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا۔