وزیر اعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہفتہ 29 نومبر 2014 15:51

وزیر اعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد ..

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29نومبر 2014ء) میاں نواز شریف نے کہا کہ حویلیاں کے عوام سے موٹروے بنانے کا وعدہ کیا تھا جو آج پورا کر دیا ہے ، حویلیاں میں ہزارہ موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس موٹر وے کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے گا ، ہم اس ملک کو روشن پاکستان بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہم دھرنے والوں کی طرح نعرے نہیں لگاتے ہم عملی کام کرتے ہیں ، آج ہم انہی کے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں ، میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ میں اس علاقے سے دو بار ایم این اے منتخب ہوا ہوں اور میں نے اپنے سابق دور میں اس حلقے کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں اس علاقے میں موٹر وے بنائوں گا ، آج میں دھرنے والوں کو پیغام دیتا ہوں کہ آکر دیکھیں کہ وفاقی حکومت ایک نیا پختونخوا بنا رہی ہے ، یہاں پسماندگی اور غربت کا خاتمہ ہوگا ، انہوں نے کہا کہ اس موٹر وے کے بعد اس خطے میں ایک نئی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد میں جلد رکھوں گا ، انہوں نے کہا کہ دھرنے کے باوجود اس خطے میں ترقیاتی کام جاری ہیں ، اور جب اس خطے میں سوئی گیس کی تنصیب کا کام مکمل ہوگا تو سب سے پہلے حویلیاں کے عوام کو سوئی گیس کی سہولت دستیاب ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اس خطے میں ایکسپریس وے کے ذریعے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دوں گا ، ہم اپنے دور میں اس خطے میں بجلی کی قلت کو بھی ختم کر دیں گے ، لواری ٹنل والے سن لیں میں اپنے دور میں اس ٹنل کو مکمل کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کراچی سے لاہور موٹر وے کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا جس سے عوام کی سہولیات میں اضافہ ہوگا ، وزیر اعظم نے کہا کہ میں خیبر پختونخوا کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کروں گا ، میں نے یہاں بھاشا ڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے جو منگلا اور تربیلا ڈیم سے بھی بڑا ہوگا جس سے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ختم ہوجائے گا ۔

ہم اس وقت چالیس ارب ڈالرز کے منصوبے بنا رہے ہیں جس سے اس ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی ، ہمارے پاس وسائل کم تھے لیکن میں اس مسئلے کے حل کیلئے آپ کے تعاون سے اس مسئلے کو ختم کروں گا ، ملک بھر میں کوئلے سے چلنے والے کارخانے کام کر رہے ہیں ، داسو اور بھاشا ڈیم سے ملنے والی بجلی سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی ، ہم نے رائے کوٹ سے خنجراب تک موٹر وے بنا دی ہے ، انہوں نے کہا کہ دھرنوں میں جس طرح کی زبان بولی جاتی ہے وہ مہذب لوگوں کی زبان نہیں ، وہاں جتنے جھوٹ بولے جاتے ہیں کہیں اور نہیں بولے جاتے ۔

نواز شریف نے کہا کہ اب اس ملک کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کی تربیت کس انداز میں کرنی ہے، انہوں نے گوادر سے نوابشاہ تک گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ، انہوں نے کہا کہ بہت جلد وہ وقت آئیگا کہ پاکستان اس خطے کا ٹائیگر بنے گا ۔

متعلقہ عنوان :