تھائی لینڈمیں کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر پابندی کا قانون منظور

ہفتہ 29 نومبر 2014 14:29

بنکاک (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے ملک میں ’کمرشل سروگیسی‘ یا کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیدی۔عالمی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈمیں کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر پابندی کا قانون منظور کرلیا گیا ہے ، 177 ووٹوں سے منظور ہونے والے قانون کے مسودے کے مطابق کرائے کی کوکھ کا کاروبار کرنے والوں کو 10 سال تک قید ہو سکتی ہے۔

تھائی لینڈ میں کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر عوامی احتجاج اور اشتعال میں اس وقت اضافہ ہوا تھا جب پتہ چلا کہ ایک جاپانی شخص نو’سروگیٹ‘ بچوں کا باپ بنا۔جنوب مشرقی ایشیا کے اس ملک میں اس عمل کی نگرانی کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔گزشتہ مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد تھائی لینڈ کی فوجی حکومت نے کوکھ کے تجارتی استعمال کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

1997 میں تھائی لینڈ کی میڈیکل کونسل نے کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر پابندی لگا دی تھی۔اس ادارے نے واضح طور پر کہا تھا کہ’مادہ منویہ دینے والے یا اس سے حاملہ خاتون کو کوئی معاوضہ نہیں ادا کیا جائے گا۔ادارے نے یہ بھی کہا کہ خاتون صرف تب کسی کا بچہ پیدا کر سکتی ہے اگر وہ ایسا کروانے والے ’جوڑے میں سے ایک کی رشتہ دار ہو۔تھائی لینڈ میں کرائے کی کوکھ کے کاروبار میں بہت اضافہ ہوا ہے اور اس نے کئی غیر ملکیوں کو اپنی طرف مائل کیا ہے۔لیکن حال ہی میں تھائی لینڈ کو اس تجارت کے حوالے سے کئی سکینڈلوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

متعلقہ عنوان :