مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پرحملے میں پاکستان کے ریاستی عناصرملوث ہیں، بھارتی ہرزہ سرائی

ہفتہ 29 نومبر 2014 14:25

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پرحملے میں پاکستان کے ریاستی عناصرملوث ..

نئی دہلی/ گوہاٹی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) بھارت نے اپنے جرائم پر پردہ پوشی کے لئے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 2 روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملے میں پاکستان کے ریاستی اداروں کو ملوث قرار دیدیا۔ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں ایک تقریب کے دوران پولیس کے اعلی افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے روایتی الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، پاکستان نے مقبوضہ وادی کے قصبے ارنیا میں دو روز قبل بھارتی فوج پر حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر ریاستی عناصر کی کارروائی قرار دیا درحقیقت اس میں پاکستان کے ریاستی عناصر ملوث تھے۔

(جاری ہے)

راج ناتھ سنکھ کا کہنا تھا کہ اگربھارت میں دہشتگردی کی کاروائیوں میں غیر ریاستی عناصر ملوث ہیں تو پھر کیا آئی ایس آئی ایک غیر ریاستی عناصر ہے ؟پاکستان مختلف حربے استعمال کرکے بھارت کو نقصان پہنچانے سے باز نہیں آیا۔بھارتی سیکورٹی فورسز کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں کشمیر میں دہشتگرد گروپوں کی مسلسل حمایت کررہا ہے ۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ داعش اب دنیا کے تمام ممالک کے لئے بڑا سیکیورٹی چیلنج ہے اور انتہائی خطرناک بات یہ ہے کہ نوجوانوں کا ایک بڑا حصہ اس تنظیم کے نظریات کا حامی ہے۔ بھارتی حکومت کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اپنے ملک میں قدم جمانے نہیں دے گی اور ان کا پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔