Live Updates

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس انتخابی دھاندلی کیس میں عمران خان کی جانب سے پیش ہونے والے آٹھ گواہوں کے بیانات پرجرح مکمل کر لی گئی۔ٹربیونل نے آئندہ سماعت پر عمران خان کو بیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا۔

ہفتہ 29 نومبر 2014 13:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج کاظم علی ملک نے عمران خان کی جانب سے دائر انتخابی عذر داری پر سماعت کی۔عمران خان کی جانب سے آٹھ پولنگ ایجنٹس بطور گواہ ٹربیونل کے روبرو پیش ہوئے اور اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انتخابی روز پریزائڈنگ افسران نے انہیں زبردستی کمرے سے باہر نکال دیا،اورشیر کے نشان پر مہر لگواتے رہے جبکہ پولیس اہلکاروں اور انتخابی عملے نے ان سے بدتمیزی بھی کی۔


ٹربیونل نے عمران خان کی جانب سے پیش ہونے والے آٹھ گواہوں پر جرح مکمل کر لی ۔ٹربیونل کی کاروائی کے دوران سردار ایاز صادق کے وکیل اسجد سعید نے ٹربیونل سے استدعا کی کہ عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی کی تصدیق کرنے والے اوتھ کمشنر کا کوئی وجود ہی نہیں جس پر جعلی اوتھ کمشنر کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

غیر مصدقہ بیان حلفی کی بنا ءپر درخواست ناقابل سماعت ہے۔


عمران خان کے وکیل انیس ایڈووکیٹ نے ٹربیونل کو آگاہ کیا کہ عمران خان کی جانب سے جمع کرایا گیا بیان حلفی مصدقہ ہے ،اوتھ کمشنر کی قانونی حیثیت جاننا درخواست گزار کے لئے لازم نہیںاگر عدالتی احاطوں میں جعلی اوتھ کمشنر بیٹھے ہیں تو ان کے خلاف کاروائی انتظامی معاملہ ہے درخواست قابل سماعت ہے اور اس پر کاروائی آگے بڑھائی جائے۔
انتخابی عذر داری کی سماعت سے قبل الیکشن ٹربیونل نے صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جس کی وجہ سے میڈیا کے نمائندے ٹربیونل کی سماعت نہ کر سکے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات