علامہ خالدمحمودسومرو کی شہادت لمحہ فکریہ ہے ، علماء کے قاتلوں کی گرفتاری میں سنجید گی دکھائی جاتی تو آئے روز سانحات کا سامنا نہ کرنا پڑتا، وفاق المدار س العربیہ

ہفتہ 29 نومبر 2014 13:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء)معروف عالم دین اور مقبول سیاسی رہنماء ڈاکٹر علامہ خالدمحمودسومرو کی شہادت لمحہ فکریہ ہے ،اگر علماء کرام کے قاتلوں کی گرفتاری میں ذرا بھی سنجید گی دکھائی جاتی تو آئے روز سانحات کا سامنا نہ کرنا پڑتا ،وطن عزیز کو قتل وغارتگری کی آماجگاہ بننے سے روکنے کے لیے حکمران ہوش کے ناخن لیں ،حکومت ِوقت علماء اہلِ حق کی پے درپے شہادتوں اور بہتے ہوئے لہو کا حساب دے ان خیالا ت کا اظہار وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے رہنماوٴں شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا محمد حنیف جالندھری اور مولانا انوار الحق نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے مقبول سیاسی رہنماء اور ہر دلعزیز شخصیت ڈاکٹر علامہ خالد محمود کی شہادت پوری قوم کے لیے لمحہ فکر یہ ہے ۔

(جاری ہے)

اگر علماء کرام کے قاتلوں کی گرفتاری میں ذرا بھی سنجیدگی دکھائی جاتی تو ہمیں آئے روز اس قسم کے سانحات کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ وہ علماءِ اہل حق کی پے درپے شہادتوں اور ان کے بہتے لہو کا حساب دے۔

انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وطن عزیز کو قتل وغارتگری کی آماجگاہ بننے سے بچانے کے لیے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مولانا فضل الرحمن پرقاتلانہ حملے سے لے کر ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی شہادت تک اور کراچی میں مولانا مسعود بیگ سے لے کر اسلام آباد راولپنڈی کے نوجوان علماء کی شہادتوں تک کے جملہ واقعات کی آزادانہ ،غیر جانبدارانہ اور منصفانہ تحقیقات کروائی جائیں ۔