لاہور ، ایم کیوایم سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے ، ایک شخص جاں بحق

ہفتہ 29 نومبر 2014 13:34

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن میں متحدہ قومی موومنٹ سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تاہم وہ محفوظ رہے جبکہ ان کے ساتھ گاڑی میں موجود ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں باگڑیاں چوک کے قریب نامعلوم افراد نے متحدہ قومی موومنٹ سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ پر فائرنگ کردی تاہم فائرنگ سے عامر بلوچ تو محفوظ رہے لیکن ان کی گاڑی میں موجود ان کے ماموں جاں بحق جبکہ ان کا کزن شدید زخمی ہوگیا۔

واقعے کے فوری بعد لاش اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔عامر بلوچ نے واقعے سے متعلق کہا ہے کہ گرین ٹاؤن کے علاقے شیراز ٹاؤن میں اپنا گھرتعمیر کروا رہے ہیں، اس سلسلے میں جب وہ اپنے ماموں اور کزن کے ہمراہ وہاں پہنچے تو قبضہ گروپ کے کارندوں نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ان کے ماموں موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فی الفور گرفتار کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔