توانائی شعبہ میں چینی سرمایہ کاری سے صارفین کو 8 روپے فی یونٹ بجلی دستیاب ہوگی،رانا ثناء اللہ خان

ہفتہ 29 نومبر 2014 13:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ توانائی ‘ لاہورکراچی موٹروے اور ریلوے لائن کے شعبہ میں 32ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری سے صارفین کو ساڑھے 8روپے میں بجلی کا ایک یونٹ دستیاب ہوگا جس سے پورے ملک میں صنعتوں کا پہیہ پھر سے رواں ہوگا اور لوگوں کو روزگار میسر آئیگا۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ایکسپوسنٹر میں طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں قانون کی عملداری یقینی بناتے ہوئے معاشرے میں رواداری اور برداشت کا کلچر پروان چڑھانے اور توانائی کے مسائل دیرپا بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلام مذہب کا خود مطالعہ کرنے اور اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی سمجھ بوجھ کے مطابق عمل کرنے کی راہ دکھاتا ہے اور کسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ ٹھوس ثبوت و دلیل کے بغیر صرف اپنی بات کو حق سچ قرار دیتے ہوئے دوسروں کو اس پر عمل کیلئے مجبور کرے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اور شدت پسندی کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے جس کے خاتمہ کیلئے انفرادی و اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے جس کے بغیر ضرب عضب میں دی جانیوالی قربانیاں ادھوری رہ جائیں گی۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ اگر لوگوں کا ہجوم کسی ملزم کو موقع پرمجرم تصور کرتے ہوئے سزا دینے کی راہ پر نکل پڑے تو معاشرے عراق و لیبیا تو بن سکتے ہیں ایک فلاحی ریاست وجود میں نہیں آ سکتی۔

انہوں نے کوٹ رادھا کشن میں سینکڑوں لوگوں پر مشتمل ہجوم کے ہاتوں مسیحی جوڑے کو زندہ جلائے جانے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہجوم میں شامل چند افراد ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اس طرح کی پرتشددکارروائی سے منع کرتے تو شائد اس افسوسناک واقعہ کی وجہ سے ملک کا نام بدنام نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈیڑھ دہائی کے دوران توانائی کے حوالے سے کوئی چھوٹا یا بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے توانائی کی کمی سے معیشت بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت لوڈ شیڈنگ و عدم تشدد سے پاک اور آگے بڑھتا ہوا پاکستان نوجوان نسل کے حوالے کرنے کی آرزومند ہے جس کیلئے مختلف الجہت منصوبوں پر عمل جاری ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ قومیں جنگوں میں تباہ اور کلاس رومز میں تربیت پاتی ہیں اور تعلیم و تحقیق کیلئے وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم یقینا ثمرآور ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسیات کے طالب علم کی حیثیت سے انہوں نے سینکڑوں کتابوں کا مطالعہ کیاہے اور سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کے تسلسل سے ہی ملک ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خاں کی خدمات کوسراہتے ہوئے کہا کہ ملکی جامعامت کو ان جیسے کم ہی وائس چانسلرنصیب ہوئے ہیں جواپنی جامعہ کیلئے ملکی سرحدوں سے باہر بھی نیک نامی کما رہے ہیں۔

قبل ازیں استقبالیہ خطاب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں کسی بھی جامعہ کیلئے انٹرنیٹ کی تیزترین سپیڈحاصل کر لی گئی ہے تاکہ طلبا و طالبات کو تحقیقی اُمور میں تیزترین انٹرنیٹ سہولت فراہم ہوسکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم سے استفادہ کرنیوالے نوجوان ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 1105لیپ ٹاپ آئے جن میں سے 745تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :