جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سندھ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل پر وزیراعظم‘ وزیراعلی پنجاب‘ سابق صدر آصف علی زرداری‘ امیر جماعت اسلامی‘جے یو آئی (س) کے سربراہ ، قائد ایم کیو ایم الطاف حسین اور وزیراعلی سندھ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات کی شدید الفاظ میں مذمت‘ واقعہ کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

ہفتہ 29 نومبر 2014 13:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے راہنماء و سندھ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل پر وزیراعظم‘ وزیراعلی پنجاب‘ سابق صدر آصف علی زرداری‘ امیر جماعت اسلامی‘ قائد ایم کیو ایم الطاف حسین اور وزیراعلی سندھ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات کی شدید الفاظ میں مذمت‘ واقعہ کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ۔

ہفتہ کی صبح سکھر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے راہنماء ڈاکٹر خالد سومرو کو مسجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے دوران تین مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس پر وزیراعظم میاں نواز شریف‘ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف‘ سابق صدر آصف زرداری‘ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق‘ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین‘ جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق‘ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘ مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجازالحق اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمن کو ٹیلیفون کرکے اظہار تعزیت کیا۔ ایم کیو ایم کی طرف سے حیدر عباس رضوی اور رشید گوڈیل نے مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا عطاء الرحمن کو فون کرکے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ معروف عالم دین مولانا طاہر اشرفی نے قتل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو ایک اعتدال پسند شخصیت تھے۔ واقعہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ قاتلوں کو گرفتار نہ کرنا سندھ حکومت کی ناکامی ہے۔ لہٰذا سندھ حکومت فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔