کراچی ، ملیر میں میاں بیوی کا لرزہ خیز قتل ،لاشیں ڈیپ فریزر سے برآمد

ہفتہ 29 نومبر 2014 12:36

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء ) کراچی کے علاقے ملیر میں میاں بیوی کو قتل کردیا گیا، ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو ڈیپ فریزر سے برآمد کرلیا۔باغ ملیر کے علاقے بلاک بی کا مکان نمبر ایل 33 جمعے کی شب لرزہ خیز واردات کامسکن بنا۔ سید بدر حسین اور اس کی اہلیہ رضیہ بیگم کا خوفناک قتل اور اس سے بھی زیادہ خطرناک لاشوں کو چھپایا جانا تھا۔

سید بدر حسین کے کرائے داروں نے مقتول کے بھائی کو اطلاع دی کہ ان کے گھر کے دروازے کھلے ہیں اور کوئی آواز دینے کے باوجود بند نہیں کررہا۔ جس پر بدر حسین کے بھائی ناظم آباد سے باغ ملیر پہنچے اور پھر پولیس کو اطلاع دی۔ بکھرا ہوا گھر،پلیٹس میں نکلا ہوا کھانا، موبائل فونز کی موجودگی اور ڈیپ فریزر کے باہر پڑا خون بہت خوفناک صورتحال بیان کررہا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ڈیپ فریزر کھولا تو اس میں بدر حسین اور ان کی اہلیہ رضیہ بیگم کی لاشیں جمی ہوئی پڑی تھیں۔ جس پر ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا گیا جنھوں نے ڈیپ فریزر بند کرنے کے بعد پانی ڈال کر دونوں لاشوں کو نکال کرہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مکان کو تالا لگا کر سیل کردیا ہے۔رابطہ کرنے پر ایس پی شاہ فیصل سید علی آصف نے بتایا کہ میاں بیوی کا قتل ایک معمہ ہے اور یہ کسی ایک ملزم کا کام نہیں ہوسکتا۔ نہ ہی ملزمان دونوں میاں بیوی کے لیے اجنبی تھے ، انہوں نے بتایا کہ فارنزک شواہد جمع کرنے سمیت تمام پہلووٴں سے تفتیش کی جارہی ہے اور فوری طور پر اس قتل کے بارے میں کوئی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔

متعلقہ عنوان :