Live Updates

جماعت اسلامی کراچی میں 25دسمبر کو آئندہ کے روڈ میپ کا اعلان کرے گی،سراج الحق،

حکومت اور تحریک انصاف انتشار اور ٹکراؤ سے بچیں دونوں کا فائدہ عدم انتشار میں ہے ، حکومت نے ابھی تک دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن کی تشکیل کا وعدہ پورا نہیں کیا ، پشاور میں اپنے انتخابی حلقہ سے ملاقات کیلئے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو

جمعہ 28 نومبر 2014 23:42

ِِپشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف انتشار اور ٹکراؤ سے بچیں دونوں کا فائدہ عدم انتشار میں ہے ،حکومت نے ابھی تک دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن کی تشکیل کا وعدہ پورا نہیں کیا ۔جماعت اسلامی کراچی میں 25دسمبر کو آئندہ کے روڈ میپ کا اعلان کرے گی ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل منصورہ سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں اپنے انتخابی حلقہ سے ملاقات کیلئے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ پروفیسر محمد ابراہیم ،سیکریٹری جنرل شبیر احمد خان اور نائب امیر صوبہ مشتاق احمد خان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے اپنے حلقہ کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی مختلف محکموں کو ہدایات دیں اور کہا کہ سرکاری اداروں کابنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے ،عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کیلئے تما م سرکاری محکموں کو دن رات ایک کرنا ہوگا تاکہ لوگوں کی پریشانیوں کو کم کیا جاسکے ۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک جمہوری جماعت ہے اورہم نے ہمیشہ ملک میں جمہوری قدروں کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے ،انہوں نے کہا کہ ووٹر کا بیلٹ بکس پر اعتماد بری طرح مجروح ہوا ہے اگر حکومت نے مذاکرات میں طے پانے والے معاملات پر عمل درآمد نہ کیا اور الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ،دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں کمیشن کے قیام اور انتخابی نظام کو شفاف بنانے کیلئے اصلاحات کے وعدوں پر عمل نہ کیا تو آئندہ انتخابی نتائج کو بھی عوام تسلیم نہیں کریں گے اور ملک میں جمہوری نظام کو شدید دھچکا لگے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور ٹھنڈے دل سے معاملات کو آگے بڑھانے کی پالیسی اختیار کریں اور سخت لہجہ کی بجائے دھیمے انداز اور دلائل سے ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے پر امن جلسے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرے ،کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں جیلوں میں بند کرنے سے معاملات سدھرنے کی بجائے مزید خرابی کی طرف جائیں گے جس میں کسی کافائدہ نہیں ،سراج الحق نے کہا کہ دونوں طرف کی قیادت کو تدبر اور حکمت سے کام لیتے ہوئے حالات کو نوریٹرن پوائنٹ پر جانے سے روکنا اور مل بیٹھ کر معاملات کا حل نکالنے کی طرف توجہ دینا ہوگی ۔

سراج الحق نے کہا کہ وہ پاکستان کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کا روڈ میپ 25دسمبر کو قائد اعظم  کے مزارپر جلسہ عام میں دیں گے ،انہوں نے کہا ۔ عوام پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کیلئے جماعت اسلامی کے پرچم تلے جمع ہورہے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات