Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال،

شہباز شریف نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کرکے ایک مثال قائم کی ہے‘ ترک سفیر

جمعہ 28 نومبر 2014 23:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی دوستانہ رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین دوستی محبت اور بھائی چارے کی لڑی پروئی ہوئی ہے۔

پاکستان اور ترکی کے عوام یکجان دو قالب ہیں۔ ترکی کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ پاک ترکی دوستی کی شاندار مثال ہے۔ میٹرو بسوں پر روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترکی کے تعاون سے مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ طیب اردگان ہسپتال قائم کیا گیا ہے جہاں جدیدترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اس ہسپتال کا موازنہ پاکستان کے کسی بھی بہترین ہسپتال سے کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بد ل رہی ہے۔ ترکی نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ترکی پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے کئی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف محنت، جذبے اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط ہو رہے ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات