بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں مدعو کر کے ان کے تجربات ، صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائیگا ‘ گورنر پنجاب ،

بیرون ملک پاکستانیو ں نے اپنی انتھک محنت قابلیت اور لگن سے زندگی کے ہر شعبے میں کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں ‘ چوہدری محمد سرور

جمعہ 28 نومبر 2014 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء ) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیو ں نے اپنی انتھک محنت قابلیت اور لگن سے زندگی کے ہر شعبے میں کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں اور ملک کا نام روشن کیا ہے ، اُن کی ملک سے محبت اور وابستگی لازوال ہے ‘جب بھی ملک کو قدرتی آفات اور دیگر مسائل سے دوچار ہونا پڑا توبیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے عملی طور پر اپنی خدمت اور تعاون کو ہر اعتبار سے یقینی بنایا ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اوور سیز پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت راجہ مظہر حیات کر رہے تھے ۔ وفد میں مس سلمی ناصر ،جاوید احمد ملک اور کاشف بشیر خان بھی شامل تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم ہمارے پاکستانی بھائی جن شعبوں میں بھی نمایا ں کارکردگی دکھا کر پاکستان کا نام روشن کیے ہوئے ہیں اُنہیں پاکستان میں مدعو کیا جائے گا ‘یہاں اُن کی نہ صرف پذیرائی کی جائے گی بلکہ اُن کے تجربات اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں تعلیم کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات میں اپنا عملی کردار ادا کریں تاکہ ہم پاکستان کو اُس مقام پر لاکھڑا کریں جس کا ہمارا ملک حق رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :