انتخابات میں دھاندلی میں حکومت کا سب سے بڑا ہاتھ ہے، عارف علوی،پنجاب میں 13 لاکھ اور سندھ میں 16 لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، کراچی میں بھی انوکھی دھاندلی ہوئی، پریس کا نفرنس سے خطاب

جمعہ 28 نومبر 2014 23:37

انتخابات میں دھاندلی میں حکومت کا سب سے بڑا ہاتھ ہے، عارف علوی،پنجاب ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عارف علوی نے کہا ہے کہ دھاندلی میں حکومت کا سب سے بڑا ہاتھ ہے، پنجاب میں 13 لاکھ اور سندھ میں 16 لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی رہنماء نے دھاندلی کیلئے چھاپے گئے اضافی بیلٹ پیپرز کا ریکارڈ پیش کردیا، ان کا کہنا ہے کہ دھاندلی میں حکومت کا سب سے بڑا ہاتھ ہے، انصاف کیلئے سڑکوں پر آنا پڑا، حکومت قوم کو بے وقوف بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق 61 فیصد ڈیٹا عوام کے سامنے پیش کررہا ہوں، عوام کو معلوم ہونا چاہئے ملک میں کیا ہورہا ہے، بیلٹ پیپرز پان والوں کو بانٹنے کیلئے نہیں چھاپے جاتے، منڈی بہاء الدین میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد کم بیلٹ پیپر زیادہ چھاپے گئے، پرنٹنگ پریس لاہور نے 13 لاکھ زائد بیلٹ پیپرز چھاپے۔

(جاری ہے)

عارف علوی نے بتایا کہ این اے 101 گوجرانوالہ میں 63 ہزار زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، این اے 118، این اے 119 میں بھی 50 ہزار سے زائد بیلٹ پیپرز اضافی چھاپے گئے، این اے 125 لاہور میں ایک لاکھ 20 ہزار ایکسٹرا بیلٹ پیپرز چھاپے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی انوکھی دھاندلی ہوئی، پرنٹنگ کارپوریشن کراچی نے 16 لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے، اضافی پرنٹنگ کے ساتھ ڈپلیکیٹ نمبرنگ ہوئی۔