سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس میں ٹرائل کورٹ کی سماعت بارے رپورٹ طلب کرلی ،

احمد فیض نامی ملزم سمیت تمام ملزمان کیخلاف ٹرائل کورٹ میں حتمی چالان جمع کرادیا ، ایف آئی اے

جمعہ 28 نومبر 2014 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس میں ملزمان کیخلاف ہونے والے ٹرائل کورٹ کی سماعت بارے دو مہینے بعد پیشرفت رپورٹ طلب کرلی جبکہ ایف آئی اے نے مقدمے سے متعلق رپورٹ عدالت جمع کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ احمد فیض نامی ملزم سمیت تمام ملزمان کیخلاف ٹرائل کورٹ میں حتمی چالان جمع کرادیا گیا ہے اور اب ان کا ٹرائل جاری ہے جس میں وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

یہ رپورٹ ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے ایف آئی اے کی جانب سے جمعہ کے روز جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سماعت کرنے والے بنچ کے روبرو جمع کرائی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں کیخلاف چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کیا گیا ہے جبکہ ملزم احمد فیض کی وجہ سے دوسرا چالان بھی ٹرائل کورٹ میں جمع کرادیا گیا ہے۔ اب سارا معاملہ ٹرائل کورٹ پر ہے کہ وہ اس کا کیا فیصلہ کرتی ہے۔ ایف آئی اے کی حد تک معاملات مکمل ہوچکے ہیں۔ اس پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ حج کرپشن کیس میں دو ماہ بعد مقدمے کی پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔۔