Live Updates

عمران خان رویہ درست کرلیں تو انہیں منانے کیلئے ننگے پاؤں بھی جانے کو تیار ہوں، خواجہ آصف،دعا ہے کہ 30 نومبر کا جلسہ منفی اثرات نہ ڈالے ، پرامن رہتے ہیں تو 100دن مزید بیٹھ سکتے ہیں، ملک میں داعش نامی تنظیم کا کوئی وجود نہیں،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 نومبر 2014 23:33

عمران خان رویہ درست کرلیں تو انہیں منانے کیلئے ننگے پاؤں بھی جانے کو ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء ) وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں داعش نامی تنظیم کا کوئی وجود نہیں ،عمران خان اگر اپنا رویہ درست کرلیں تو ان کو منانے کیلئے ننگے پاؤں بھی جانے کو تیار ہوں ، تیس نومبر کا جلسہ دعا ہے کہ منفی اثرات نہ ڈالے ، پرامن رہتے ہیں تو 100دن مزید بیٹھ سکتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں داعش نامی تنظیم کا کوئی وجود نہیں یہ القاعدہ ، طالبان اور داعش ایک ہی برانڈ کے دو نام ہیں جو کہ سودا نہ بکنے پر اپنا برانڈ کا نام تبدیل کرلیتے ہیں ۔وال چاکنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر سنیاسی بابا کی وال چاکنگ بہت زیادہ ہے اس کا مطلب یہ نہیں کہ سنیاسی بابا پورے ملک پر قابض ہونا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ا فغانستان میں امن برقرار رکھنے کیلئے بھارت اور ایران کو مثبت رول ادا کرنا چاہیے خطے کے علاقائی مسائل مقامی لوگ ہی حل کرسکتے ہیں افغانستان کا جو مسئلہ ہے وہ افغانستان خود بہتر طریقے سے حل کرسکتا ہے ۔

تیس نومبر کے جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ تیس نومبر کا جلسہ ملک میں منفی اثرات نہیں ڈالے گا اگر جلسہ آئین اور قانون کی حدود میں ہوا تو حکومت مزید سو دن جلسہ کرنے کی اجازت دے سکتی ہے عمران خان اپنی سوچ اور رویئے میں تبدیلی لائیں تو میں خود ننگے پاؤں ان کو منانے کیلئے جانے کو تیار ہوں جلسے جلوس چلتے رہنے چاہیں لیکن آئین و قانون کی حدود میں رہ کر۔ خواجہ آصف نے کہا کہ داعش ، القاعدہ اور طالبان تینوں ایک ہی برانڈ ہیں ان کیخلاف ملک میں بلا تمیز بلاتفریق آپریشن جاری ہے پاکستانی افواج نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں پاکستان کے شہریوں کا خون اس بات کی شہادت دیتے ہیں کہ دہشتگردی کیخلاف اصل جنگ پاکستانی لڑ رہے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات