اندرون سندھ تعلیم کا برا حا ل ہے صوبائی وزراء نے اندرون سندھ اسکولوں کو اپنی جاگیر بنا لیا ہے، احمد رضا قصوری،

پرویز مشرف نے عدالتوں کے سامنے پیش ہوکر ملک میں قانون کی بالادستی قائم کی ہے، ے پی ایم ایل کے رہنما کا خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد کا دورہ

جمعہ 28 نومبر 2014 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما وسابق صد(ر)جنرل پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے جمعہ کی شام خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد کا دورہ کیا جہاں ارکان رابطہ کمیٹی عبد الحسیب ، عارف خان ایڈوکیٹ ، حق پرست ارکان سمبلی عبد الروٴف صدیقی، ارم فاروقی نے الطاف حسین کی جانب سے ان کا استقبال کیااورانہیں خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی و سابق صوبائی وزیر روٴف صدیقی نے کہا کہ احمد رضا قصوری خود بھی علم دوست شخصیت ہیں جوگزشتہ روزملک ریاض کی جانب سے حیدر آباد اور کراچی میں الطاف حسین یونیورسٹیز کے قیام کے اعلان کی مبارک باد دینے آ ئے ہیں، سندھ کے شہری علاقوں میں جامعات کے قیام سے انہی ذاتی طور پرخوشی محسوس ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احمد رضا قصور ی نے کہا کہ نائن زیرو مجھے اپنے گھر جیسا محسوس ہوتا ہے اور مجھے یہاں آکر اپنائیت کا احساس ہوتا ہے، انہوں نے ایم کیو ایم کا نظم و ضبط اور بالخصوص الطاف حسین کو خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین خود بھی غریب و متوسط طبقے سے ہیں اور انہوں نے ملک کے غریب و متوسط طبقے کے نمائندے منتخب کرکے ایوانوں میں بھیجے جو مثالی اقدام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں تعلیم کا برا حا ل ہے اور سندھ کے وزراء نے اندرون سندھ اسکولوں کو اپنی جاگیر بنا لیاہے کیونکہ تعلیم ہی ملک کے عوام کو با شعور بنانے کا واحدحل ہے ۔انہوں نے بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض کی جانب سے کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام سے یونیورسٹیز کے قیام کے اعلان کو خوش آئند اور ملک کے مستقبل کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے ملک ریاض کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ در اصل یہ کام سندھ کی صوبائی حکومت کا تھا لیکن اس کو ایک شخص نے اپنے طور سے بیڑا اُٹھا کر ملک میں نئی روایت شروع کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کی صورتحال پر توجہ نہیں دی جاتی یہی وجہ ہے کہ ملک سے تعلیم حاصل کرکے لوگ بیرون ملک علم کا پرچار کر رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے اگر عمرا ن خان ملک بھر کے عوام کو 30نومبر کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتے تو یہ بہتر رہتا اور اگر وہ عوام کو جاگیر داری ، سرمایہ داری اور بد انتظامی کے خلاف کھڑنے ہونے کی دعوت دیتے تو ملک میں حقیقی تبدیلی آتی لیکن عوام کی شراکت کے بغیر تبدیلی آنا مشکل ہے ، اگر ملک میں ظلم کا شکار تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو دعوت دی جاتی کہ وہ 30نومبر کو سڑکوں پر نکلیں تا یہ اہم ہوتا اور ملک میں تبدیلی کے لئے ایم کیو ایم کا کردار بہت اہم ہے ، انہوں نے ملک کے مسائل کے حوالے سے جنا ب الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قوموں کی تبدیلی کے لئے انہیں خود مقابلہ کرنا اور راستہ بنانا ہوتا ہے کوئی انکی مدد نہیں کرتا اور یہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب قوم میں اپنے حقوق کے حصول کا شعور بیدار ہوجائے ، پرویز مشرف کے مستقبل کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک شخص جو ملک کا سابق صدر اور چیف آ ف آرمی اسٹاف رہا ہواس نے عدالتوں کے سامنے پیش ہوکر ملک میں قانون کی بالادستی قائم کی ہے۔

متعلقہ عنوان :