پولیٹیکل انتظامیہ سے تحفظ فراہم کرکے انصاف فراہم کی جائے،حضرت ولی،

انتظامیہ ہمارے مخالفین کے ساتھ مل کرہمیں تنگ کررہے ہیں ،نوٹس لیاجائے،پریس کانفرنس

جمعہ 28 نومبر 2014 22:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء)باجوڑ ایجنسی کے رہائشی حضرت ولی نے گورنر خیبر پختونخوا اور فاٹا کے اعلیٰ حکام سے انہیں اور ا ن کے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے اور پولیٹیکل انتظامیہ کے راشی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حضرت ولی کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی بیٹی کے رشتے کی بات کشمالے نامی شخص کے بیٹے جمال الدین کے ساتھ ہوئی تاہم بعد میں جمال الدین اور ہمارے خاندان کے مابین تنازعہ پیدا ہوا اور بات لڑائی جھگڑے اور دشمنی تک پہنچ گئی ان حالات میں میرے خاند ان والوں نے اپنا تعلق جمال الدین کے ساتھ ختم کر دیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اب جمال الدین اور ان کے سارے خاندان والے انہیں ڈرا دھمکا رہے ہیں کہ ان کی بیٹی کی شادی جمال الدین سے زبردستی کروارہے ہیں جمال الدین اور اس کے خاندان والوں نے تحصیل نواگئی کے اے پی اے شاہ نسیم ‘ ریڈر غلام محمد اور تحصیل دار عبد المالک کو لاکھوں روپے رشوت دی ہے ا نتظامیہ بھی ان کے ساتھ ملی ہوئی ہیں ہمارے مخالفین یکطرفہ جرگے کر کے ہمیں دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ ان کی بات سننے کو تیار تک نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا اور فاٹا کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر انہیں تحفظ فراہم کیا جائے ۔