پولیو خاتمہ کے پروگرام پر عمل درآمد جاری رہے گا، سائرہ افضل تارڑ ،

پولیو وائرس کی لعنت سے نمٹنے کیلئے پوری طرح پُر عزم ہیں، قطرے پلانے کی مہم کہیں بھی معطل نہیں کی جائے گی، وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز

جمعہ 28 نومبر 2014 22:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء ) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنزاینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے پولیو پروگرام ملک بھر میں جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمہ کے پروگرام پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ جمعہ کو جاری اپنے ایک سرکاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی پولیو قطرے پلانے کی مہم کہیں بھی معطل نہیں کی جائے گی۔

حکومت پاکستان پولیو پروگرام کی قیادت کررہی ہے جبکہ ترقیاتی شراکت دار حکومت کو ٹیکنکل معاونت فراہم کررہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت وائرس کمزور ہونے کے اس موجودہ سیزن کے دوران پولیو وائرس کی لعنت سے نمٹنے کیلئے پوری طرح پُر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان پولیو بیماری ختم کرنے کے پختہ عزم کے ساتھ پولیو کے خاتمہ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور پروگرام کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے قومی اور صوبائی حکومتوں کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو پروگرام پر صوبائی حکومتیں یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کی ٹیکنکل شراکت داری کے ساتھ عمل درآمد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کم پھیلنے کے سیزن کے دوران صوبائی حکومتیں پولیو مہم چلائیں گی۔ سائرہ افضل تارڑ نے تصدیق کی کہ حکومت پولیو کارکنوں کے تحفظ اور سلامتی کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور پولیو مہموں کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :