وال چاکنگ یانعروں کی بنیاد پر داعش کی موجودگی کا دعویٰ مبالغہ آرائی ہے ، وزیر دفاع خواجہ آصف ،

عمران خان اپنی زبان اور نیت درست کرلیں تو حکومت مذاکرات کیلئے تیار ہے ، ایران‘ بھارت‘ چین‘ روس افغانستان میں پائیدار امن لانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 28 نومبر 2014 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وال چاکنگ یانعروں کی بنیاد پر داعش کی موجودگی کا دعویٰ مبالغہ آرائی ہے  عمران خان اپنی زبان اور نیت درست کرلیں تو حکومت مذاکرات کیلئے تیار ہے  ایران‘ بھارت‘ چین‘ روس افغانستان میں پائیدار امن لانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز بلا تفریق کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش نامی تنظیم کا کوئی وجود نہیں،وال چاکنگ یانعروں کی بنیاد پر داعش کی موجودگی کا دعویٰ مبالغہ آرائی ہے۔ وزیر دفاع نے کہاکہ طالبان، داعش اور القاعدہ مختلف برانڈز ہیں، ان کا میٹریل ایک ہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے نئے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کا امن پاکستان کے امن کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ ہمسایہ ملک چین ‘ روس‘ بھارت اور ایران افغانستان میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی زبان اور نیت کو درست کرلیں تو حکومت ان کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ یہ لوگ ملکی ترقی کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں مجرموں کی گرفتاری کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ واپڈا میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ اس شعبے میں بد عنوانی سے پاک نظام قائم ہوسکے۔