وزیراعظم نوازشریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات،کامیاب سارک کانفرنس پر مبارکباد،

بھارت کی شدت پسندانہ پالیسی دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں رکاوٹ ہے ،مولانا فضل الرحمان ، بھارت میں بھارتی جنتا پارٹی مقبوضہ کشمیر میں دھاندلی کیلئے راہ ہموار کر رہی ہے ،تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کر کے کشمیر کے حوالے سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے، وزیر اعظم سے بات چیت

جمعہ 28 نومبر 2014 22:06

وزیراعظم نوازشریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات،کامیاب سارک کانفرنس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی،دونوں رہنماؤں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ کیا۔مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم سے اسلام آباد میں وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیراعظم نوازشریف نے اپنے حالیہ دورہ نیپال میں سارک کانفرنس کے حوالے سے آگاہ کیا جے یو آئی سربراہ نے انہیں کھٹمنڈو میں کامیاب سارک کانفرنس پر مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعظم نے وہاں جاکر پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کی ۔

جے یو آئی دفتر سے جاری بیان کے مطابق ،مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم میاں نوازشریف کو پاک بھارت سرحدی تنازعات اور بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ بانڈری پر اشتعال انگیزی سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم سے کہا کہ بھارت کی شدت پسندانہ پالیسی دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں رکاوٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ بات چیت نہ کرنے کارویہ اختیار کیاہے اور ہمیں بھی بھارت سے بات چیت میں کوئی جلدی نہیں اور نہ ہی ہم بھارت کو بات چیت کی چابی دے سکتے ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ بھارت میں بھارتی جنتا پارٹی مقبوضہ کشمیر میں دھاندلی کے لئے راہ ہموار کر رہی ہے ،انہوں نے وزیر اعظم کو تجویز دی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کیا جائے اور کشمیر کے حوالے سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ اس سلسلے میں کسی بھی پیش رفت کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا جائیگا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھاجائے۔مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو بحیثیت چیئرمین کشمیر کمیٹی یورپ کے دورے کے حوالے سے آگاہ کیااورکہا کہ وہ یورپی ممالک میں کشمیر کاز کو اجاگر کریں گے۔انہوں نے وزیراعظم کو بلاسود انکوائری کے بارے میں پارٹی کے فیصلے سے آگاہ کیا،جس پر دونوں جماعتوں نے معائدے میں اتفاق رائے تھی۔ (آج) اتوار کو مولانا فضل الرحمان وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کے ہمراہ صوبہ خیبرپختونخوا میں موٹروے کا افتتاح کریں گے۔یاد رہے کہ موٹروے کی منظوری مولانا فضل الرحمان کی سفارش پر دی تھی۔