ملک اس وقت انتشار بازی کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، سیاسی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، سینیٹر میر حاصل بزنجو ،

بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے۔ اسے سیاسی طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے بلوچستان حکومت کوششیں کررہی ہے

جمعہ 28 نومبر 2014 21:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ ملک اس وقت انتشار بازی کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، سیاسی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ سیاسی قوتیں عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ملیر میں نیشنل پارٹی سندھ کی جانب سے مرکزی عہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی مرکزی نائب صدر انجینئر حمید بلوچ، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ، نائب صدر میر طاہر بزنجو اور دیگر بھی موجود تھے۔ میر حاصل بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے۔ اسے سیاسی طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے بلوچستان حکومت کوششیں کررہی ہے تاہم اس مسئلے پر وفاقی حکومت کو مزید بھرپور توجہ دینی ہوگی۔

(جاری ہے)

بلوچ عوام کو ان کے حقوق اور ان کے مسائل حل کرنے سے ان میں موجود احساس محرومی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری دور میں مسائل لڑائی جھگڑے سے نہیں بلکہ ڈائیلاگ کے ذریعے حل کئے جاتے ہیں۔ سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کرنا چاہئے۔ موجودہ سیاسی مسائل بات چیت کے ذریعے حل کئے جاسکتے ہیں۔ اس حوالے سے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلوچ اکثریتی علاقوں میں گینگ وار کے مختلف گروپ حالات خراب کررہے ہیں۔ کراچی سے گینگ وار گروپ کے خاتمے کے لئے حکومت سندھ کو مربوط اقدام کرنا چاہئے اور کراچی کے مسئلے کو بھی سیاسی طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں رہنے والے بلوچ عوام کے مسائل بھی حل کئے جائیں۔