مود ی سے ہاتھ ملانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا ،عالمی رائے عامہ کو ہموار کرکے کشمیری عوام کی پشت پر کھڑا کرنا ہوگا‘حافظ محمد ادریس ،

ہم اپنی نہیں اللہ تعالیٰ کے نظام کی حکومت اور قرآن و سنت کے احکامات کی بالا دستی چاہتے ہیں ‘نائب امیر جماعت اسلامی کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 28 نومبر 2014 18:12

لاہو ر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ مود ی سے ہاتھ ملانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اس کیلئے عالمی رائے عامہ کو ہموار کرکے کشمیری عوام کی پشت پر کھڑا کرنا ہوگا،اگر نواز شریف سمجھتے ہیں کہ ان کے ہاتھ ملانے سے مودی کی اسلام اور مسلم دشمنی میں کمی آجائے گی تو اس سے بڑی سادگی اور خود فریبی اور کوئی نہیں ہوگی،یورپی یونین کی طرف سے تحفظ ناموس رسالت قانون کے خاتمہ کا مطالبہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت اور مسلمانوں کی ملی حمیت کو للکارنے کے مترادف ہے ،تحفظ ناموس رسالت کا قانون غیر مسلموں کیلئے نہیں بلکہ مسلمانوں کیلئے بھی ہے اور اب تک اس قانون کے تحت سزا پانے والے بھی زیادہ تر مسلمان ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اجتماع عام کی کامیابی محض اللہ کا احسان ہے ،جماعت کے کارکنان کی محنت ،نظم و ضبط کی پابندی اور سیکیورٹی کے مثالی انتظامات کی تمام حلقوں نے تعریف و تحسین کی ہے مگر ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خاص اللہ کے فضل اور جماعت کی قیادت کے اللہ تعالیٰ کی نصرت پر غیر متزلزل ایمان کا ثمر ہے ۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت ملک میں اللہ تعالیٰ کے دین کے غلبہ کی ایک منظم تحریک ہے ،ہم اپنی نہیں اللہ تعالیٰ کے نظام کی حکومت اور قرآن و سنت کے احکامات کی بالا دستی چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق بار ہا یہ واضح کرچکے ہیں کہ ہمیں اپنے لئے نہیں بلکہ غلبہ دین کیلئے اختیار چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے اجتماع سے ملک میں شاندار اسلامی انقلاب کی منزل قریب آگئی ہے ،اجتماع کی توقع سے بڑھ کر کامیابی نے کارکنان میں عزم و حوصلہ کوتقویت دی ہے ،انہوں نے کہا کہ جس طرح 23مارچ 1940ء کو مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں تحریک پاکستان کی منظوری سے پاکستان کی منزل قریب آگئی تھی اور صرف سات سال بعد برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوؤں اور انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی تھی اسی طرح ان شاء اللہ قوم متحد ہوکر تحریک تکمیل پاکستان کو بھی کامیاب کرے گی اور پاکستان بہت جلد اپنے قیام کے مقاصد کو حاصل کرلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو اپنے کسی قائد کی طرف نہیں بلکہ سب کو اللہ کے دین کی طرف بلاتے ہیں ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری محنتوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا۔