بہاولپور کے بعد مسلم لیگ کاجلسہ چونیاں تاریخی نوعیت کا ہوگا‘ ناصر رمضان گجر

جمعہ 28 نومبر 2014 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 28نومبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ بہاولپور میں کامیاب اور تاریخی جلسہ کے بعد مسلم لیگ قائداعظم کاجلسہ چونیاں تاریخی نوعیت کا ہوگا اور اس میں عوام کے جم غفیر کی شمولیت حکمرانوں کی نیندیں حرام کردے گی، مسلم لیگ کی عوا م رابطہ مہم بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں اور عوامی شعور کی بیداری ہے جس میں مسلم لیگ بھر پور طریقے سے کامیابی حاصل کر رہی ہے ، مسلم لیگ اسی طرح بلدیاتی انتخابات سے قبل ہر ضلع میں کامیاب اجتماعات منعقد کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں مسلم لیگ لاہور کے کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کیلئے بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب اور سفید پوش عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے،یہی وجہ ہے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کیلئے مختلف حیلے بہانے بنا رہی ہے۔

حکمرانوں کومعلوم ہوچکا ہے کہ اگر بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تو ان کی مصنوعی مقبولیت کا بھر م کھل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کہ حکمران سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے مطابق پنجاب میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات منعقد کروائیں۔ بلدیاتی انتخابات نہ کرواکرپنجاب حکومت اپنی آئینی ذمہ داری سے روگردانی کر رہی ہے۔لیکن مسلم لیگ قائداعظم اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکمرانوں کو بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی۔