پشاور کی عظمت رفتہ کو دوبارہ بحال کیا جائیگا،عنایت اللہ خان،

تمام محکمے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کے کم از کم ایک تہائی حصہ کے دسمبر کے آخر تک استعمال کو یقینی بنائیں،وزیربلدیات خیبرپختونخوا

جمعرات 27 نومبر 2014 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے اپنے محکموں کے تمام افسران پر زور دیا ہے کہ وہ محکمے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کے کم از کم ایک تہائی حصہ کے دسمبر کے آخر تک استعمال کو یقینی بنائیں بصورت دیگر نا اہل افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری بلدیات ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے ، ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کا رپوریشن پشاور، ڈائریکٹر جنرل بلدیات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی جی ، پی ڈی اے کو ہدایت کی کہ رنگ روڈ پشاور پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں ورسک روڈ سے ناصر باغ روڈ تک کے حصے پر جون 2015تک عملی کا شروع ہونا چاہیئے جبکہ چارسدہ روڈ سے ورسک روڈ تک کے حصے کا ورک آڈر 2ہفتوں کے اندر اندر جاری ہونا چاہئیے۔

سینئر وزیر نے پی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ پشاور کو خوبصورت بنانے کے لئے مختلف مقامات کی نشان دہی کا کام ایک مہینے کے اندر مکمل کریں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ پشاور میں 14پارکس کی تزئیں و آرائش کے کام کی تکمیل کو2ہفتوں کے اندر اندر یقینی بنائیں تاکہ پشاور کی عظمت رفتہ کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تاج آباد خوڑ کے ساتھ پشتے اور جوگی والا ڈرین کی مرمت کو پشاور اپ لفٹ پروگرام میں شامل کریں۔

انہوں نے پی ڈی اے کو ہدایت کہ وہ پشاور کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کریں۔ جبکہ نو تعمیر شدہ یوٹرن پر حادثات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ صوبائی وزیر نے رنگ روڈ پر بھاری گاڑیوں کے بلا روک ٹوک چلنے کا بھی نوٹس لیا اور اسکے ممکنہ نقصانات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے بھی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :