ہمارے طالب علموں کو اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں حصول تعلیم کے لیے وقف کردینی چاہئیں ‘گورنر پنجاب

موجودہ دور میں وہی قومیں ترقی کے سفر میں سب سے آگے ہیں جو اپنے علمی خزا نے کی طاقت سے کام لینا جانتی ہیں، تعلیم یافتہ نوجوان نسل ہی پاکستان کی سلامتی اور بقاء کی ضمانت ہے ‘ چوہدری محمد سرور کا یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز میں خطاب

جمعرات 27 نومبر 2014 23:28

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ علم کا حصول ہی ہمیں خوشحالی کی منزل تک لے جا سکتاہے ، موجودہ دور میں وہی قومیں ترقی کے سفر میں سب سے آگے ہیں جو اپنے علمی خزا نے کی طاقت سے کام لینا جانتی ہیں، پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے ‘اب وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کے لیے کچھ کر کے دکھائیں اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کو ایسا تعلیمی معیار مہیا کریں کہ وہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کی بجائے اپنے ملک میں تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دیں اور فخر محسوس کریں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم کسی سے کم نہیں ، محنت اور لگن کا جذبہ جاری رہا تو ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ پاکستان ک نوجوان طبقہ ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، ہماری نوجوان نسل محنتی ، فرض شناس اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ زندگی میں کامیابیاں اور ناکامیاں آتی جاتی رہتی ہیں ، اصلی اور دیرپاکامیابی وہی ہوتی ہے جو مسلسل محنت اور جدوجہد کا ثمر ہوتی ہے۔ہمارے طالب علموں کو اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں حصول تعلیم کے لیے وقف کردینی چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ حصول تعلیم کے ذریعے ہم نہ صرف غربت اور جہالت کا خاتمہ کر سکتے ہیں بلکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کی ایک ایسی کھیپ تیار کر سکتے ہیں جو ملک و قوم میں امن و خوشحالی اور استحکام لا سکتے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان نسل ہی پاکستان کی سلامتی اور بقاء کی ضمانت ہے ، نوجوان نسل کو دور ِ حاضر کے جدید تقاضوں اور علوم سے آگاہ کرنے کے لیے یونیورسٹیوں کا کردار کلیدی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ویٹرنری یونیورسٹی لائیوسٹاک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ یونیورسٹی اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ملک کو اعلی تعلیم یافتہ ویٹرنری ماہر فراہم کر رہی ہے- اس موقع پر گورنر پنجاب نے کامیا ب ہونیوالے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفت گوکرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ30 نومبر بھی انشاء اللہ خیریت سے گذر جائے گا ، تمام مسائل کا حل مذاکرات کی میز پر افہام و تفہیم کی فضا میں حل ہو سکتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ میرا شروع سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ دونوں فریقین لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات سے اہم ایشوز حل کریں ۔

متعلقہ عنوان :