کوئٹہ، 18یونین کونسلوں میں حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم جاری رہے گی،رحمت صالح بلوچ

جمعرات 27 نومبر 2014 23:24

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم میں شامل رضا کاروں پر فائرنگ کے افسوس ناک واقع کے باوجود کوئٹہ شہر کے 18یونین کونسلوں میں حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم جاری رہے گی جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کا کہنا ہے کہ مہم کے ورکرز اور رضا کاروں نے مہم کے غیر معینہ مدت کے لئے بائیکاٹ نہیں کیاہے ۔

ہمیں عالمی ادارہ صحت کا تعاون حاصل ہے اور مہم پورے جوش و جذبہ کے ساتھ جاری رہے گی۔یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز شہر کے مختلف حفاظتی ٹیکہ جاتی مراکز کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری صحت ،آئی جی پولیس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اس واقعہ کے ذریعہ دہشتگردوں نے ہمیں مہم بند کرنے کا پیغام دیا ہے لیکن ہم نے اپنے عزم کی بنیاد پر ٹیکہ جاتی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ان کو پیغام دیا ہے کہ ہم دہشت گردی کی کسی کاروائی سے خوفزدہ ہوئے بغیر اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کو ہر صورت یقینی بنائینگے۔

ہم نے ایک زندہ قوم کی حیثیت سے اپنے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچا نا ہے اور اس حوالے سے ہر چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہم میں مصروف عمل رضاکاروں اور اہلکاروں کوہر طرح کا تحفظ فراہم کیا جارہا ہے آئندہ بھی کیا جائے گا۔ حفاظتی ٹیکہ جات کے مراکز کو پورے طریقے سے فعال کردیا گیا ہے اور والدین اپنے بچوں کو پولیو سمیت دیگر موذی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے ان کی ویکسینیشن کروا رہے ہیں اور عوام نے پولیو کے خلاف منفی پراپگینڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے رضا کار اور اہلکار خطرناک بیماریوں کے خلاف جہاد میں مصروف ہیں اور صوبے کے عوام اور حکومت ان کی فرض شناسی اور جرات کو سلام کرتی ہے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا کہ کوئٹہ میں حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم بھر پور جوش و جذبہ سے جاری ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہدایت ہے کہ مہم کو ہر صورت جاری رکھا جائے اور ورکرز اور رضا کاروں نے غیر معینہ مدت کیلئے بائیکاٹ نہیں کیا ہے ہمیں عالمی ادارہ صحت کا تعاون بھی حاصل ہے اور ہم اپنے وسائل سے بھی مہم جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر ، اہلکاراور ورکرز بہادر اور جرات مند ہیں اور ہم مہم کا ٹارگٹ حاصل کریں گے ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری نے دیگر حکام کے ہمراہ بنیادی مرکز صحت وحدت کالونی ، بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال اور فاطمہ جناح ٹی بی سینٹوریم کا دورہ کیا اور ٹیکہ جاتی مہم کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مہم میں مصروف عمل عملے کی کاوشوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ وہ اسی جوش و جذبہ کے ساتھ صوبے کو پولیو اور بچوں کی دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت اور آئی جی پولیس نے بچوں کو ویکسین کے قطرے بھی پلائے۔