Live Updates

پی ٹی آئی کا مشن قوم کی بیداری ہے عوام "گو نواز گو"پر متحد ہوچکے ہیں،عمران خان،

پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی شے نہیں ،حکمران خود کو بچانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں، تحریک انصاف ضلع لاہور کے تنظیمی اجلاس سے خطاب

جمعرات 27 نومبر 2014 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی شے نہیں ،حکمران خود کو بچانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں نواز شریف اگر حقیقی طور پر الیکشن جیتے ہوتے تو چار حلقے کھولنے کی اجازت دے دیتے۔ تحریک انصاف کو ن لیگ سے کوئی خطرہ نہیں قوم جاگ اٹھی ہے 30نومبر کو ہر حال میں پاکستانی عوام اسلام آباد پہنچے گی پی ٹی آئی کا مشن قوم کی بیداری ہے عوام "گو نواز گو"پر متحد ہوچکے ہیں نواز لیگ اور پیپلز پارٹی نے سازش کے تحت دھاندلی کی۔

عمران خان تحریک انصاف ضلع لاہور کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جہاں پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد، ممبران صوبائی اسمبلی میاں اسلم اقبال ، سعدیہ سہیل ، میاں محمود الرشید اور لاہور کی تنظیم ، ٹاوٴن، یونین کونسل کے عہدیداران اور امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی بڑی تعدادمیں موجود تھے عمران خان نے کہا کہ وہ آئندہ تین دن چوبیس گھنٹے کنٹینر میں موجود ہوں گے اور 30نومبر کو دیگر شہروں سے آنے والے کارکنوں کا اسلام آباد سے خود استقبال کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی ایس ایف اور عمران ٹائیگر فورس کے جوانوں سے کہا کہ وہ بڑی تعداد میں ہر حال میں اسلام آباد پہنچیں پارٹی کارکن تمام اختلافات بھلا کر متحد ہوجائیں کارکن ہی تحریک انصاف کی اصل طاقت ہیں جنہوں نے 14اگست سے آج تک ملک بھر میں سیاسی بیداری کی عظیم و الشان تحریک چلا رکھی ہے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن قانون توڑنے نہیں اپنے حق لینے کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں اب نواز شریف اور زرداری کا گٹھ جوڑ مزید نہیں چل سکے گااور ملک گیر سطح پر تبدیلی اور نئے پاکستان کا نعرہ عملی طور پر حقیقت کا روپ دھارے گا۔

عمران خان نے تحریک انصاف لاہور کے صدر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور نے جس شاندار اندازمیں لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا وہ آج تن آور درخت کی شکل میں پورے ملک میں پھیل چکا ہے انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی مستقل مزاجی پر مبارکباد دیتے ہوئے بالخصوص ویمن ونگ اور نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ 30نومبر کو بھی نیا ریکارڈ قائم کرینگے عمران خان نے کہا کہ آج ملک بھر میں 14اگست سے بھی کئی گنا زیادہ جوش و جذبہ اور جنون سامنے آچکا ہے جس کا حکومت کسی طور سامنا نہیں کرسکے گی۔

ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینگے لیکن اپنے اوپر ہونے والی کوئی زیادتی بھی برداشت نہیں کریں گے۔قبل ازیں پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اپنے قائد کی ہر کال پر لبیک کہیں گے عمران خان کے ایک اشارے پر 10لاکھ سے زائد کارکن جاتی عمرہ رائیونڈ میں دھرنا دینے کے لیے تیار ہیں حکمران کسی خوش فہمی میں نہ رہیں اور قوم اپنے قومی ہیرو کے ایک اشارے پر ان کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور شہر سے 30نومبر کو بڑی تعداد میں اسلام آباد کا رخ کریں گے اور اتوار کو صبح 8بجے قذافی سٹیڈیم سے سب سے بڑا جلوس روانہ ہوگا جبکہ مختلف ٹاوٴنز سے دیگر روٹس کے ذریعے بھی لاہور سے پی ٹی آئی کے کارکن اپنی اپنی تیاریوں کے ذریعے احتجاج کے لیے جائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات