سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا ،خواجہ آصف ،

تیس نومبر کو حالات بہتر رہیں گے ہم نے کوئی راستہ بند نہیں کیا ، احتجاج کرنے والوں کا جمہوری حق ہے کہ وہ دائرے کے اندر رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں ، وزیر دفاع کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 نومبر 2014 22:10

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تیس نومبر کو حالات بہتر رہیں گے ، دھرنے کے باوجود ہم ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کام جاری رکھیں گے ، اسلام آباد کے تمام راستے کھلے ہیں کوئی راستہ بند نہیں کیا گیا ،پہلے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے آئندہ بھی کرینگے ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ تیس نومبر کو حالات بہتر رہیں گے ہم نے کوئی راستہ بند نہیں کیا تمام راستے کھلے ہیں احتجاج کرنے والوں کا جمہوری حق ہے کہ وہ دائرے کے اندر رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور آئندہ بھی کرینگے اگر کسی نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کیخلاف ایکشن ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان چالیس پچاس افراد کو تقریر سنا کر فیس سیونگ کررہے ہیں میڈیا اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے وہاں لگی خالی کرسیاں بھی دکھائے ۔