Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے قائدین،لائرز ونگ کے وکلاء اور ورکروں کو ہراساں کرنے اور گرفتاریاں کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت، آئی جی اسلام آباد اور تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کوکل جمعہ کو طلب کر لیا

جمعرات 27 نومبر 2014 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے قائدین،لائرز ونگ کے وکلاء اور ورکروں کو ہراساں کرنے اور گرفتاریاں کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان اور تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او آج جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔جمعرات کے روز تحریک انصاف کے سینئر رہنما نیاز اللہ خان نیازی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل یک رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار ایڈووکیٹ نیازاللہ خان نیازی ،شعیب شاہین،ملک وقار،پی ٹی آئی کے رہنما علی اعوان عدالت میں پیش ہوئے ۔پی ٹی آئی کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے 30 نومبر کے جلسے کو ناکام بنانے کے لئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے گھروں پر غیر قانونی طور پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کی طرف سے کہاگیا ہے کہ پی ٹی وی حملہ میں آپ کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں اور گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پرامن جلسے کرنا ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے جبکہ وکلاء برادری کو ناجائز طور پر جھوٹے مقدموں میں شامل کرنا غیر قانونی ہے ۔

درخواست میں آئی جی اسلام آباد ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد،وزارت داخلہ ،سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن اور تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کو فریق بنایا گیا ہے عدالت نے پی ٹی آئی کے ورکروں کی گرفتاری سے روک دیا ہے ۔عدالت نے کہا کہ جب تک فیصلہ نہیں آتا تب تک کسی کو ہراساں نہیں کیا جا سکتا ۔عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کو آج جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات