جماعة الدعوة پاکستان کا دو روزہ ملک گیر اجتماع 4دسمبرکو لاہور میں شروع ہوگا ،امیر جماعة الدعوة پاکستان حافظ محمد سعید کا خصوصی خطاب ہو گا،

جمعرات 27 نومبر 2014 21:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) جماعة الدعوة پاکستان کا دو روزہ ملک گیر اجتماع 4دسمبرکو لاہور میں شروع ہوگا ،امیر جماعة الدعوة پاکستان حافظ محمد سعید کا خصوصی خطاب ہو گا،مینار پاکستان پر ہونے والے ملک گیر اجتماع کے لیے فیصل آباد سمیت ملک بھر میں جماعة الدعوة پاکستان کے مقامی رہنماؤں رابطہ مہم تیز کردی ہے۔ بھرپور تشہیری مہم کے ساتھ ساتھ تحصیلوں اور حلقوں کی سطح پر دعوتی ٹیمیں بھی متحرک کردی گئیں۔

اجتماع میں شرکت کے لیے فیصل آباد سے خصوصی قافلے روانہ ہوں گے۔ بسوں اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے بڑے قافلے لاہور روانہ ہوں گے۔ گذشتہ روزجماعة الدعوة فیصل آباد کے امیر فیاض احمد کی صدارت میں مرکز خیبر نشاط آبادمیں ضلعی، تحصیلی و شعبہ جاتی ذمہ داران کا اجلاس منعقدہ ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں طے پایا کہ اجتماع میں فیصل آباد سے ہزاروں افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ مہم مزید تیز اور دعوتی ٹیمیں متحرک کردی جائیں۔

جماعة الدعوة کے کارکنوں اور ذمہ داران نے اب تک ہزاروں دعوت نامے علماء کرام، اساتذہ، طلبہ سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں تقسیم کردیے ہیں۔ جماعة الدعوة کے ضلعی ذمہ داران بھی تحصیل اور سیکٹرز کی سطح تک شب و روز رابطہ مہم میں مصروف ہیں۔ شعبہ دعوت و اصلاح سے منسلک مبلغین بھی مساجد اور علاقوں کی سطح پر پروگرامات میں اجتماع کی بھرپور انداز سے دعوت دے رہے ہیں۔

امیرجماعة الدعوة فیصل آباد فیاض احمدنے کہا کہ جماعة الدعوة کا مینار پاکستان پر ہونے والا ملک گیر اجتماع دعوت دین کا مظہر ثابت ہوگا۔ موجودہ صورت حال میں نظریہ پاکستان پر قوم کو مجتمع کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ایک ہوچکی ہیں۔ اسلامیان پاکستان اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائے۔ انہوں نے ملک گیر اجتماع میں اہلیانفیصل آبادسے شرکت کی پرزور اپیل کی ہے۔