Live Updates

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں سے روک دیا

جمعرات 27 نومبر 2014 21:40

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنوں کی غیرقانونی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں سے روکتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئین اور قانون کے دائرہ کار میں ہر شہری کو احتجاج کا حق حاصل ہے،لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اعجاز چودھری، شاہد نسیم گوندل اور گوہر نواز سندھو کی طرف سے دائر درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی طرف سے مہرفیاض ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور پولیس نے تحریک انصاف کا تیس نومبر کا دھرنا ناکام بنانے کیلئے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کررکھی ہیں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے لہذا پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں سے روکا جائے ، پنجاب حکومت کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل نے بتایا کہ پولیس نے تحریک انصاف کا کوئی کارکن نہیں پکڑا اور نہ ہی کسی کارکن کو گرفتار کرنے کاارادہ ہے مگر جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی، عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف کے تینوں رہنماؤں کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے پنجاب پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں سے روک دیا، عدالت نے قرار دیا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر شہری کو اپنے جائزمطالبات کیلئے احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات