کوئٹہ،محکمہ تعلیم میں آسامیوں کیلئے تعلیمی قابلیت سیکنڈ ڈویژن بمعہ این ٹی ایس کی شرط سے غریب نوجوانوں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی

جمعرات 27 نومبر 2014 21:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) گزشتہ دنوں کوئٹہ کے مقامی اخبار ات میں شائع ہونے والے اشتہار کے مطابق محکمہ تعلیم میں مختلف آسامیاں مشتہر کی گئیں جن کیلئے تعلیمی قابلیت سیکنڈ ڈویژن بمعہ( این ٹی ایس) کی شرط رکھی گئی جبکہ تھرڈ ڈویژن والے صوبے کے غریب نوجوانوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا یعنی تھرڈ ڈویژن والے نوجوان سرکاری ملازمت کیلئے نا اہل قرار دےئے گئے ہیں جس کی وجہ سے نوجوان طبقہ بالخصوص جنہوں نے میٹرک ،ایف اے یا بی اے کے امتحانات تھرڈ ڈویژن کی حیثیت میں پاس کئے ہیں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے عوامی حلقوں کی جانب سے حکومتی پالیسی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان اور سیکرٹری محکمہ تعلیم سے پر زور اپیل کی گئی ہے کہ مذکورہ بالا آسامیوں کو پر کئے جانے کیلئے تھرڈ ڈویژن والے نوجوانوں کو بھی موقع دیا جائے تاکہ ان میں پائے جانیوالے احساس محرومی کا خاتمہ ہو سکے۔