پٹرولیم مصنوعات میں مزید ممکنہ کمی پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں ‘ بلال یاسین،

حکومت عوام کی بھلائی کے لئے سرگرم عمل ہے اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، پولٹری پر ناجائز منافع خوری اور اس کے کم وزن فروخت پر فوری ایکشن لیا جائے ‘صوبائی وزیر خوراک کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 27 نومبر 2014 21:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں مزید ممکنہ کمی پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام متعلقہ ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں تا کہ حکومتی فیصلے کے فوائد عوام تک پہنچیں ،حکومت عوام کی بھلائی کے لئے سرگرم عمل ہے اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹریز ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن، خوراک اور صحت کے علاوہ تمام ڈویژنل کمشنرز آن لائن تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ پٹرول اور ٹرانسپورٹ سے متعلق حکومتی ہدایات کے مطابق سو فیصد عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اورجاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مسافروں سے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے ۔

کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چند روٹس پر بے قاعدگی دیکھنے میں آئی ہے جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 600 گاڑیوں کو 11 لاکھ روپے کے جرمانے جبکہ 40 مالکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح مسافروں سے زائد وصول کیا گیا کرایہ انہیں موقع پر واپس دلایا جا رہا ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام مسافر بسوں ، ویگنوں پرنئے کرایہ نامہ کے سٹکرزلگوا دیئے گئے ہیں اور بس اڈوں پر پینا فلیکس اور بینرز آویزاں ہیں ۔

بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک نے پرائس کنٹرول کمیٹی سے متعلق بلائے گئے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلا س میں سیکرٹری صنعت نے بتایا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باعث اشیائے خورد و نوش کی قیمتو ں میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی طرح چاول کی قیمت میں بھی 40 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دالوں کی قیمتو ں میں کمی کے لئے دالیں امپورٹ کی جا رہی ہیں ۔

ڈائریکٹر فو ڈ نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت 44 شوگرملوں میں سے 19 ملوں میں کرشنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ بقایا ملوں میں یکم دسمبر سے کرشنگ شروع کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 8 لاکھ میٹرک ٹن چینی سٹاک میں موجود ہے اور مستقبل میں چینی کی قیمت میں کسی قسم کے اضافہ کی توقع نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں چینی 52 روپے فی کلو جبکہ سنٹرل پنجاب اور اپر پنجاب میں 54 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کمشنر لاہور کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولٹری پر ناجائز منافع خوری اور اس کے کم وزن فروخت پر فوری ایکشن لیا جائے ۔ اسی طرح نان بائیوں کے خلاف آپریشن کو تیز تر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی بھلائی کے لئے کسی بھی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہیں لائے گی۔

متعلقہ عنوان :